Wednesday , December 13 2017
Home / شہر کی خبریں / الحاج محمد سلیم چیرمین وقف بورڈ کی عمرہ کی ادائیگی کے بعد واپسی

الحاج محمد سلیم چیرمین وقف بورڈ کی عمرہ کی ادائیگی کے بعد واپسی

عہدیداروں کو 2 کروڑ کے حسابات اندرون ایک ہفتہ داخل کرنے کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 11۔ اکتوبر (سیاست نیوز) صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم عمرہ کی ادائیگی اور مدینہ منورہ میں حاضری کے بعد آج حیدرآباد واپس ہوئے۔ انہوں نے حج ہاؤز پہنچ کر وقف بورڈ کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا اور کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ عمرہ کو روانگی سے قبل محمد سلیم نے جن اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے سلسلہ میں اقدامات کی ہدایات دی تھیں ، اس بارے میں معلومات حاصل کی گئیں۔صدر نشین نے وقف بورڈ کے عہدیداروں اور ملازمین کو ہدایت دی کہ وہ اندرون ایک ہفتہ حاصل کردہ پیشگی رقم کے حسابات داخل کردیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریکارڈ کے مطابق 2 کروڑ روپئے کا حساب پیش کرنا باقی ہے اور وقف بورڈ کسی بھی نقصان کا متحمل نہیں ہوسکتا ۔ انہوں نے کہ ملازمین کو چاہئے کہ وہ اللہ کو حاضر و ناظر جان کر اپنے حسابات داخل کردیں ۔ واضح رہے کہ گذشتہ 10 برسوں کے دوران 74 ملازمین نے تقریبا 2 کروڑ روپئے کے حسابات داخل نہیں کئے ۔ اور بعض ملازمین کے ذمے میں لاکھ روپئے کے حسابات ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حسابات پیش نہ کرنے والے عہدیداروں اور ملازمین کی تنخواہوں سے یہ رقم منہا کی جائے گی ۔ خانم میٹ کی قدیم مسجد کی تعمیر کے سلسلہ میں صدرنشین وقف بورڈ نے رقمی منظوری دی تھی لیکن ابھی تک اس کی تعمیر و مرمت اور حصار بندی کا کام شروع نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے عہدیداروں سے اس بارے میں وضاحت طلب کی اور پولیس سے مدد حاصل کرتے ہوئے تعمیری کام انجام دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ماہِ محرم کے دوران عاشور خانوں اور سبیلوں کو وقف بورڈ سے گرانٹ ان ایڈ کی اجرائی کا جائزہ لیا۔ محمد سلیم نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اوقافی اداروں کی آمدنی میں اضافہ پر خصوصی توجہ دیں تاکہ وقف بورڈ کے ذریعہ منشائے وقف کی تکمیل کی جاسکے ۔ انہوں نے شہر کی اہم اوقافی جائیدادوں کے کرایہ جات کے حصول اور کرایہ داروں کو نوٹسوں کی اجرائی کا جائزہ لیا ۔انہوں نے کہا کہ شہر کے اہم مقامات پر جو بھی کرایہ دار معمولی کرایہ ادا کر رہے ہیں، ان کے کرایہ میں اضافہ کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے درگاہ حضرات یوسفینؒ کے ڈیولپمنٹ پلانٹ پر عمل آوری کا جائزہ لیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اس سلسلہ میں آئندہ بورڈ کے اجلاس میں منصوبہ پیش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ درگاہِ یوسفین میں زائرین کیلئے بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وضو خانے ، طہارت خانے اور سماع خانے کی تعمیر کیلئے ڈیولپمنٹ پلان تیار کیا گیا ہے جسے بورڈ کے اجلاس میں منظور دی جائے گی ۔ تعمیری کاموں کے سلسلہ میں ٹنڈرس طلب کئے جائیں گے۔

TOPPOPULARRECENT