Wednesday , January 17 2018
Home / پاکستان / الطاف حسین کی گرفتاری پر کراچی بند

الطاف حسین کی گرفتاری پر کراچی بند

کراچی 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے تجارتی مرکز کراچی میں آج کشیدگی اور خوف پھیل جانے کی وجہ سے کاروبار زندگی منجمد ہوگئے۔ ایم کیو ایم سربراہ الطاف حسین کی لندن میں رقم کی غیرقانونی منتقلی کے الزام میں گرفتاری کے بعد پارٹی کے لگ بھگ 2,000 حامیوں اور کارکنوں نے احتجاجی مظاہرے اور شہر کے اہم مقامات پر دھاوے جاری رکھے جس کی وجہ سے سڑکیں سنسان تھیں۔ سرکاری ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب تھے۔ بازار، پٹرول پمپس اور خریداری مراکز بند تھے۔ سب سے بڑا دھرنا نمائش چوراہے پر دیا گیا جو عام طور پر پرہجوم ہوتا ہے۔ برسر اقتدار پاکستان پیپلز پارٹی بھی ایم کیو ایم سے اظہار یکجہتی کیلئے احتجاج میں شامل ہوگئی۔

پارٹی کے ایک سینئر قائد نے کہاکہ جب تک وہ الطاف حسین کی آواز نہیں سنیں گے احتجاج جاری رہے گا۔ 60 سالہ الطاف حسین 1990 ء کی دہائی سے برطانیہ میں خود ساختہ جلاوطنی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ اُنھوں نے یہاں سیاسی پناہ حاصل کی ہے۔ لیکن پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی پر اُن کی گرفت مضبوط ہے۔ ایم کیو ایم کراچی میں سب سے بڑی واحد پارٹی ہے۔ 1980 ء کی دہائی کے اواخر سے مقامی اور صوبائی سطح پر شہر کے سیاسی منظر پر ایم کیو ایم کا ہی غلبہ رہا ہے۔ پاکستان کے دیگر علاقوں میں بھی ایم کیو ایم کارکنوں نے احتجاج کیا۔ آج مقرر امتحانات ملتوی کردیئے گئے۔ انتشار ، دہشت اور خوف کراچی کو اپنی گرفت میں لئے ہوئے تھا۔ لندن سے الطاف حسین کی گرفتاری کی خبر آتے ہی تمام معمولات زندگی منجمد ہوگئے۔

TOPPOPULARRECENT