Thursday , November 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / الفاظ کی بجائے کارکردگی کی جارحیت دکھانے پر یقین

الفاظ کی بجائے کارکردگی کی جارحیت دکھانے پر یقین

ونڈے ٹیم میں عدم شمولیت مایوس کن ۔ ہندوستانی فاسٹ بولر ایشانت شرما کا بیان

نئی دہلی 11 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سری لنکا کے خَاف ٹسٹ سیریز کے آغاز سے ہی بہترین فارم میں رہنے والے ایشانت شرما کا کہنا ہے کہ انہیں اپنی تیز رفتار بولنگ سے بلے باز کو آوٹ کرنے اپنی صلاحیتوں کا اعتراف ہے ۔ وہ اپنے مظاہرہ سے جارحیت دکھانا چاہتے ہیں الفاظ سے نہیں ۔ ایشانت شرما نے آئی سی سی کی جانب سے ایک ٹسٹ کیلئے معطل کئے جانے کے بعد پہلی مرتبہ زبان کھولتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ صرف اپنی کارکردگی سے جارحیت دکھانا چاہتے ہیں الفاظ سے نہیں۔ انہوں نے رانجی ٹرافی میں ودربھا کے خلاف بہترین بولنگ کرتے ہوئے نو وکٹس لینے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی کی معطلی کے معاملہ میں اچھی بات یہ رہی کہ کپتان ویراٹ کوہلی نے ان کی تائید کی تھی ۔ ان کے خیال میں بلے باز ہو یا بولر ہو اگر وہ میدان پر جارحانہ تیور رکھتا ہو تو یہ اچھی بات ہے ۔ اگر آپ کو کھیل پر اپنا غلبہ رکھنا ہے تو آپ کو جارح ہونا چاہئے تاہم یہ جارحانہ تیور مظاہرہ کے ذریعہ ہونے چاہئیں الفاظ کے ذریعہ نہیں ۔ اس سوال پر کہ آیا ان کی عدم موجودگی سے ہندوستانی بولنگ پر کوئی منفی اثر ہوگا ایشانت نے کہا کہ کرکٹ ایک ٹیم گیم ہے اور ہندوستان کو ایشانت شرما کی ضرورت نہیں ہے بلکہ ایشانت شرما کو ہندوستان کی ضرورت ہے ۔ ونڈے ٹیم میں ان کے عدم انتخاب سے متعلق سوال پر ایشانت شرما نے کہا کہ اس سے انہیں تکلیف ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سوال کا جواب انہیں نہیں بلکہ سلیکٹرس کو دینا چاہئے ۔ وہ صرف اپنی کارکردگی دکھاسکتے ہیں اور وہ ایسا کر رہے ہیں۔ وہ صرف وہی کرسکتے ہیں جو ان کے اپنے ہاتھ میں ہے اور کچھ نہیں کرسکتے ۔ ایشانت نے بتایا کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں ۔ وہ خوش ہیں کہ ان کی تیزی اور اچھال اچھی رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ انہیں جو کچھ کرنا ہے اس میں یقین رکھتے ہیں اور اچھی بات یہ ہے کہ وہ ایسا کر رہے ہیں اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ٹیم کیلئے کارگر ثابت ہو رہے ہیں۔ ایشانت شرما آئندہ رانجی ٹرافی میچ میں وریندر سہیواگ کی ہریانہ کے خلاف کھیلیں گے جس کا 15 اکٹوبر کو آغاز ہو رہا ہے ۔ ایشانت نے کہا کہ حالانکہ وہ فاسٹ بولر ہیں لیکن میچ میں 34 اوورس کی بولنگ کرنا ان کیلئے کوئی مشکل نہیں ہے ۔

TOPPOPULARRECENT