Monday , October 22 2018
Home / شہر کی خبریں / القدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے امریکہ کے فیصلہ کے خلاف آج صدائے احتجاج

القدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے امریکہ کے فیصلہ کے خلاف آج صدائے احتجاج

مسجد عزیزیہ کے قریب احتجاج کا اعلان ، ایس آئی او کا فیصلہ
حیدرآباد۔14 ڈسمبر(سیاست نیوز) امریکہ کی جانب سے القدس (یروشلم) کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرلیئے جانے کے بعد عالم اسلام میں پھیلی بے چینی سے ہر خطہ میں موجود مسلمان بے چین ہیں اور اس بات کی کوشش کر رہے ہیں کہ اپنے غم و غصہ کا اظہار کریں۔ایس آئی او کی جانب سے شہر حیدرآباد میں جمعہ 15ڈسمبر کو بعد نماز جمعہ امریکی فیصلہ کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی جائے گی اور القدس کے تحفظ اور فلسطینی عوام سے اظہار یگانگت کیا جائے گا۔ایس آئی او نے جمعہ کو بعد نماز جمعہ مسجد عزیزیہ مہدی پٹنم کے پاس احتجاجی مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس پر امن احتجاجی مظاہرہ میں شامل ہوتے ہوئے فلسطینی عوام سے اظہار یگانگت کریں اور امریکی فیصلہ کی مذمت کریں تاکہ القدس کے تحفظ اور یروشلم پر فلسطینی حق کی تائید کی جاسکے۔اسٹوڈنٹ اسلامک آرگنائزیشن کی جانب سے جاری کردہ صحافتی اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ یروشلم کے متعلق امریکی حکومت کا فیصلہ صہیونی سازش کا حصہ ہے اور اس کے خلاف ساری دنیا میں احتجاج جاری ہے۔اسی لئے ایس آئی او کی جانب سے بھی جمعہ کے دن مسجد عزیزیہ کے قریب بعد نماز جمعہ 2:30 بجے دن احتجاجی مظاہرہ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ایس آئی او کے علاوہ بھی شہر میں دیگر تنظیموں کی جانب سے امریکی صدر کے اعلان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اس فیصلہ کی مذمت کی جا رہی ہے اور آئندہ دنوں کے دوران احتجاج میں شدت پیدا کرنے کے متعلق بھی حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT