Wednesday , November 22 2017
Home / Top Stories / الہ آباد کے بعد وارناسی کا ایک مسلخ اور گوشت کی دکانیں بند

الہ آباد کے بعد وارناسی کا ایک مسلخ اور گوشت کی دکانیں بند

وارناسی۔ 21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایک مسلخ جو مبینہ طور پر غیرقانونی تھا، ضلعی عہدیداروں کی جانب سے مہربند کردیا گیا۔ جیٹ پورہ پولیس اسٹیشن کے دائرۂ کار میں محلہ کمال گڑھا کے مسلخ کو غیرقانونی ہونے کی وجہ سے ضلعی عہدیداروں نے مہربند کردیا۔ یوگی آدتیہ ناتھ کی زیرقیادت یوپی بی جے پی حکومت کی حلف برداری کے صرف دو دن کے اندر کسی مسلخ کو مہر بند کردینے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ آلودگی کنٹرول بورڈ، بلدی عہدیداروں، انتظامی عہدیداروں اور پولیس عہدیداروں کی مشترکہ ٹیم نے مسلخ کو مہر بند کیا اور 60 مویشی ضبط کرلئے۔ یہ اقدام اس وقت کیا گیا جب کہ مسلخ کے ذمہ دار مویشیوں کے کاغذات پیش کرنے سے قاصر رہے تھے۔ غازی آباد پولیس نے آج 10 گوشت کی دکانوں اور 4 مسالخ کو مہر بند کردیا جو مبینہ طور پر غیرقانونی طور پر چلائے جارہے تھے۔ ایس ایس پی دیپک کمار نے کہا کہ دو سینئر عہدیداروں سلمان تاج پٹیل ایس پی اور اتل کمار ایس ڈی ایم کی زیرقیادت پولیس پارٹی نے مسالخ اور گوشت کی دکانوں کو مہر بند کیا۔ پولیس کی اس کارروائی کی خبر پھیلتے ہی 10 مسالخ کے مالکوں نے اپنے طور پر مسالخ بند کردیئے۔ مبینہ طور پر مقامی شہریوں نے جو لونی ٹاؤن کے ساکن ہیں، ان مسالخ اور گوشت کی دکانوں کے خلاف شکایت کی تھی اور مہر بند کرنے کا حکم شہر کے میئر اشو ورما نے مجلس بلدیہ کو دیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT