Friday , November 24 2017
Home / Top Stories / الہ آباد یونیورسٹی میں بی جے پی رکن آدتیہ ناتھ کے داخلہ پر پابندی

الہ آباد یونیورسٹی میں بی جے پی رکن آدتیہ ناتھ کے داخلہ پر پابندی

اسٹوڈنٹس یونین کی تقریب پر تنازعہ کے پیش نظر ضلع حکام کا اقدام
مرزا پور؍الہ آباد۔/20نومبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کے متنازعہ رکن پارلیمنٹ یوگی آدتیہ ناتھ کو آج شہر احمد آباد میں داخلے سے روک دیا گیا جہاں پر انہیں الہ آباد یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کی ایک تقریب میں مدعو کیا گیا تھا۔ سرکاری حکام کا یہ ادعا ہے کہ اس تقریب کیلئے اجازت حاصل نہیں کی گئی تھی۔ گورکھپور کے شعلہ بیان ایم پی کو الہ آباد سے متصل شہر مرزا پور میں وندھیاچل کے قریب اسوقت روک لیا گیا جب وہ ان کے مدعو کئے جانے پر تنازعہ کے باوجود اس پروگرام میں شرکت کیلئے جارہے تھے کیونکہ بعض طلباء تنظیموں نے ان کی شرکت پر اعتراض کیا تھا۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ارویند سین نے بتایا کہ احمد ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سے یہ اطلاع موصول ہوئی کہ ایم پی آدتیہ ناتھ کو الہ آباد کی سمت آنے سے روک دیں کیونکہ شہر احمدآباد میں امتناعی احکامات دفعہ 144 نافذ کردیئے گئے ہیں اور رکن پارلیمنٹ زور زبردستی کریں گے تو گرفتار کرلیا جائے۔ الہ آباد ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سنجے کمار اور سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس کے ایس ایمانیول نے بتایا کہ ادتیہ ناتھ کو ضلع میں داخلے کے خلاف خبردار کردیا گیا ہے۔

اگر وہ تحدیدات کی پابندی نہیں کریں گے تو قانونی چارہ جوئی کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹوڈنٹس یونین نے تقریب منعقد کرنے کی اجازت حاصل نہیں کی ہے لہذا یونیورسٹی نے رکن پارلیمنٹ پر پابندی عائد کردی ہے اور ضلع انتظامیہ نے اس خصوص میں بی جے پی رکن پارلیمنٹ کو مطلع کردیا ہے کہ یونیورسٹی میں ان کے داخلے کو ممنوع قرار دیا گیا ہے لہذا وہ کسی بھی تقریب میں شرکت سے گریز کریں۔ دریں اثناء طلباء تنظیم کے صدر کماری رچا سنگھ نے بی جے پی رکن پارلیمنٹ کے دورہ کے خلاف منگل کی شب سے بھوک ہڑتال شروع کردی ہے ۔ یونیورسٹی سے متنازعہ پروگرام منسوخ کردینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے یہ شکایت کی کہ بی جے پی طلبہ تنظیم اے بی وی پی کے پوسٹر میں ان کا نام بغیر علم و اطلاع کے شائع کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ رچاسنگھ پہلی خاتون لیڈر ہے کہ آزادی ہند کے بعد الہ آباد یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کے صدر کی حیثیت سے جاریہ سال منتخب کرلیا گیا ۔ انہوں نے آزاد امیدوار کے طور پر مقابلہ کیا تھا جبکہ سماج وادی چھاتر سبھا نے اپنے امیدوار کے پرچہ نامزدگی مستر کردیئے جانے کے بعد رچا سنگھ کی تائید کی تھی۔ سماجوادی چھاتر سبھا اتر پردیش میں حکمران سماج وادی پارٹی طلباء تنظیم ہے گورکھپور کے رکن پارلیمنٹ کو اے بی وی پی نے مدعو کیا ہے جس نے یونین انتخابات میں صدر کے ماسوا تمام عہدوں پر قبضہ کرلیا ہے۔ یونیورسٹی حکام نے کیمپس میں کشیدہ صورتحال کے پیش نظر آج کی کلاسیس کو معطل کردیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT