Wednesday , December 19 2018

الیکشن جیتنے پاکستان کا نام لینا گھٹیا پن :شیوسینا

ممبئی ۔ 12 ڈسمبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی پر سخت لفظی حملہ چھیڑتے ہوئے شیوسینا نے آج کہا کہ گجرات انتخابی مہم میں پاکستان کو گھسیٹنا چناؤ جیتنے کی کوشش کا گھٹیا طریقہ ہے ۔ وزیراعظم سے توقع ہوتی ہے کہ وہ مثبت کارروائی کرتے ہیں نہ کہ الزام آرائی میں ملوث ہوجائیں ۔ بی جے پی کی حلیف پارٹی نے ان خیالات کے ساتھ مودی پر طنز کیا اور کہاکہ گجرات ایسا لگتا ہے کہ کشمیر سے کہیں زیادہ اہمیت اختیار کرگیا ہے ۔ مودی نے اتوار کو اپنی انتخابی مہم کے دوران دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان گجرات کے اسمبلی چناؤ پر اثرانداز ہونے کی کوشش کررہا ہے اور اُنھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ بعض پاکستانی عہدیدار اور سابق وزیراعظم منموہن سنگھ کی منی شنکر ایئر کی قیامگاہ پر میٹنگ ہوئی جس کے بعد اگلے روز کانگریس لیڈر نے اُن کے خلاف ’’نیچ‘‘ والا ریمارک کیا۔ شیوسینا نے پارٹی ترجمان سامنا کے اداریہ میں کہا کہ وزیراعظم نے سنگین نوعیت کا الزام عائد کردیا ہے کہ پاکستان گجرات چناؤ میں مداخلت کررہا ہے ۔ ہم مودی کی پریشانیوں کو سمجھتے ہیں لیکن کسی پی ایم سے یہی توقع رہتی ہے کہ وہ اقدامات کریں اور کارروائی کریں نہ کہ الزامات عائد کرتے رہیں۔ گجرات کو کشمیر سے زیادہ اہم بناکر پیش کیا جارہا ہے ۔ کل تک پاکستان کشمیر میں اور چین لیہہ ، لداخ اور اروناچل پردیش میں مداخلت کررہے تھے لیکن آج گجرات الیکشن کی مہم کے دوران پڑوسی ملک کو اس معاملے میں بھی گھسیٹا جارہا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT