Saturday , December 16 2017
Home / سیاسیات / الیکشن کمیشن گجرات میں سودے بازی پر کاروائی کرے :کانگریس

الیکشن کمیشن گجرات میں سودے بازی پر کاروائی کرے :کانگریس

نئی دہلی، 27 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے گجرات میں بھارتیہ جنتا پارٹی پر لیڈروں کی خریدوفروخت کرنے کا الزام لگاتے ہوئے آج کہا کہ الیکشن کمیشن کو پاٹیدار تحریک کے ایک اہم لیڈر کو بی جے پی میں شامل کرنے کے لئے ایک کروڑ روپے دینے کے معاملے پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے کاروائی کرنی چاہئے ۔ کانگریس کے ترجمان اجے ماکن نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک اسپیشل بریفنگ میں کہا کہ گجرات میں بی جے پی لیڈروں اور معاشرے کے سرکردہ افراد کی خرید وفروخت کی کوششوں میں مصروف ہے ۔ بی جے پی صدر امت شاہ کے خاص ورون پٹیل نے پاٹیدار تحریک کے رہنما نریندر پٹیل کو ایک کروڑ روپے دینے کی کوشش کی ۔ کانگریس نے مسٹر ورون پٹیل اور مسٹر نریندر پٹیل کی بات چیت کا ایک حصہ بھی جاری کیا ہے ۔ مسٹر ماکن نے کہا کہ گجرات میں ضابطہ اخلاق نافذ ہے ۔ لہذا، الیکشن کمیشن کو اپنی آئینی ذمہ داری نبھاتے ہوئے اس معاملے میں ازخود نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کرنی چاہئے ۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ اس معاملے پر ریاست کے وزیر اعلی وجے روپاني اور مسٹر شاہ کے خلاف ایف آئی آر درج کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ گجرات کی ایک مقامی عدالت میں تین نومبر کو اس معاملے پر سماعت ہوگی۔

TOPPOPULARRECENT