Friday , December 15 2017
Home / کھیل کی خبریں / امام الحق کی پہلے ہی مقابلے میں سنچری،پاکستان کے نام سیریز

امام الحق کی پہلے ہی مقابلے میں سنچری،پاکستان کے نام سیریز

ابو ظہبی۔19 اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان نے تیسرے ونڈے میں سری لنکا کو 7 وکٹ سے شکست دے کر 5 میچوں کی سیریز میں 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ ابوظہبی میں کھیلے گئے 5 میچوں کی سیریز کے تیسرے ونڈے میں سری لنکا کی پوری ٹیم 49 ویں اوور میں 208 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم نے مطلوبہ نشانہ پہلا مقابلہ کھیلنے والے اوپنر امام الحق کی شاندار سنچری کی بدولت 43ویں اوور میں 3 وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا۔ ٹیم کی جانب سے فخر زمان اور امام الحق نے 75 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا تاہم فخر زمان 29 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد پچھلے دونوں مقابلوں میں سنچری بنانے والے بابراعظم بیٹنگ کے لیے آئے اور امام کے ساتھ ملکر دوسری وکٹ کے لیے 66 رنز کی شراکت قائم کی لیکن وہ 30 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔امام الحق نے پاکستانی ٹیم میں اپنے انتخاب پر ہونے والی تنقید کا جواب پہلے ہی میچ میں سنچری بناکردیا اور محمد حفیظ کے ساتھ ملکر اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا جب کہ 89 رنز پر وہ وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے جس پر انہیں شدید مایوسی ہوئی لیکن خوش قسمتی سے کیپر وہ کیچ تھامنے میں ناکام رہے اور انہیں ایک اور موقع ملا جس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے امام الحق نے سنچری بنا ئی لیکن اگلی ہی گیند پر وہ پویلین لوٹ گئے ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ محمد حفیظ 30 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔امام الحق پہلے ہی مقابلے میں سنچری بنانے والے دنیا کے 13ویں اور پاکستان کے دوسرے بیٹسمین بن گئے ہیں۔ اس سے پہلے سابق بیٹسمین سلیم الہیٰ کو اپنے پہلے مقابلے میں سنچری بنانے کا اعزاز حاصل ہے۔ امام الحق کو شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ سے نوازا گیا۔ قبل ازیں سری لنکائی کپتان تھرنگا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو سری لنکا کی جانب سے اننگز کا آغاز کرنے والے ڈک ویلا اور اپل تھرنگا نے 50 رنز کی اوپننگ پارٹنر شپ قائم کی۔سری لنکا کی پہلی وکٹ 59 کے مجموعی اسکور پر گری جب ڈک ویلا 18 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، سری لنکا کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی چندیمل تھے جو 19 رنز بنا کر 102 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے اس کے بعد کوئی بھی بیٹسمین زیادہ دیرتک وکٹ پرنہ ٹہرسکا ۔پاکستان کی جانب سے حسن علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 اوورز میں 34 رنز دے کر 5 وکٹیں لینے کے علاوہ وہ تیزی سے 50 وکٹیں حاصل کرنے میں وقار یونس کا ریکارڈ توڑدیا۔ شاداب خان نے 2 ،محمد حفیظ اور جنید خان نے فی کس ایک وکٹ حاصل کی ۔

TOPPOPULARRECENT