Tuesday , October 16 2018
Home / شہر کی خبریں / امباجی مندر میں مودی کی پوجا کا رائے دہندوں پر اثر

امباجی مندر میں مودی کی پوجا کا رائے دہندوں پر اثر

مسائل نظر انداز ،صرف مذہبی جذبات سے کھلواڑ کا عمل جاری
حیدرآباد۔12ڈسمبر(سیاست نیوز) وزیر اعظم نے گجرات انتخابات کے آخری مرحلہ میں امباجی مندر کے درشن کرتے ہوئے گجرات کی انتخابی مہم کو مذہبی رنگ دیدیا۔نریندر مودی نے گجرات انتخابات مہم کے دوران کی گئی تقاریر کے ذریعہ اس بات کی کوشش کی کہ وہ ان انتخابات کو اقلیت اور اکثریت کے درمیان انتخابا ت بنائیں اور اب جبکہ انتخابی مہم اختتام کے قریب پہنچ چکی تھی تو نریندر مودی نے روایتی انداز میں امباجی مندر کے درشن کرتے ہوئے گجرات اسمبلی انتخابات میں اپنے حق رائے دہی کے استعمال کو ممکن بنانے والوں کو ایک خاموش پیغام دیدیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ ان کے اس پیغام کا اثر گجرات کے تمام اکثریتی طبقات پر پڑے گا۔گجرات انتخابات کی مہم کے دوران راہول گاندھی نے بھی مندر درشن کی سیاست پر توجہ مرکوز کر رکھی تھی اور گجرات کے کئی منادر کا دورہ کرتے ہوئے درشن کئے لیکن نریندر مودی نے انتخابی مہم کے اختتام سے چند گھنٹے قبل روڈ شو کے انداز میں امباجی مندر کے درشن کے لئے پہنچتے ہوئے مذہبی انداز میں انتخابی مہم کو ختم کیا۔گجرات انتخابات کیلئے مہم کے دوران کئی مسائل پیش کئے گئے لیکن بھارتیہ جنتا پارٹی ان مسائل پر بات کرنے کے بجائے انہیں نظر انداز کرنے کی پالیسی اختیار کئے ہوئے تھی جس کے نتیجہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے ورکرس میں حوصلہ کی کمی کی شکایات کی جانے لگی ہیں اور راہول گاندھی کی مندر درشن کی سیاست نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو پریشان کر رکھا تھا جس کے ازالہ کے لئے نریندر مودی نے امباجی درشن کو انتخابی مہم میں شامل کیا جس کے متعلق کہا جا رہاہے کہ وزیر اعظم نے اپنے روایتی طریقہ کار کو اختیار کیا ہے لیکن کانگریس کا کہناہے کہ ریاست گجرات میں راہول گاندھی کی مہم کو حاصل ہونے والی پذیرائی کے سبب نریندر مودی نے مندر درشن کے لئے وقت نکالتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے ۔ریاست گجرات کے بیشتر حلقہ جات اسمبلی میں چلائی گئی انتخابی مہم کے دوران نریندر مودی نے کانگریس سے مندر یا مسجد کا بھی سوال کیا جبکہ کانگریس صدر راہول گاندھی نے انتخابی مہم کے دوران وکاس اور کرپشن جیسے موضوعات کو اٹھاتے ہوئے اس بات کی کوشش کی کہ انتخابی مہم کو فرقہ واریت سے پاک رکھا جائے اوربھارتیہ جنتا پارٹی نے مہم کے دوران مندر۔مسجد کے ساتھ ساتھ حسب روایت پاکستان کو بھی ریاست کی انتخابی مہم میں شامل کرلیا۔

TOPPOPULARRECENT