Saturday , November 25 2017
Home / شہر کی خبریں / امبیڈکر اوپن یونیورسٹی اردو میڈیم ڈگری کورس کی تیاری کا آغاز

امبیڈکر اوپن یونیورسٹی اردو میڈیم ڈگری کورس کی تیاری کا آغاز

سکریٹری اقلیتی بہبود کی یونیورسٹی حکام کے ساتھ مانو کے رجسٹرار سے ملاقات ، انگریزی نسخہ کی حوالگی
حیدرآباد۔26 جولائی (سیاست نیوز) ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اوپن یونیورسٹی میں اردو گریجویشن کورسس کے نصابی کتب کی تیاری کا کام شروع ہوچکا ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے یونیورسٹی عہدیداروں کے ہمراہ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر شکیل احمد سے ملاقات کی اور نصابی کتب کا انگریزی نسخہ حوالے کیا۔ اردو یونیورسٹی ان کا اردو میں ترجمہ کرے گی تاکہ امبیڈکر یونیورسٹی میں اردو گریجویشن کورسس جاری رہ سکیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اردو یونیورسٹی میں ترجمہ کے کام کے لیے ایک علیحدہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں مختلف مضامین کے ماہرین کو شامل کیا گیا ہے۔ یہ کمیٹی جلد از جلد نصابی کتب کا ترجمہ مکمل کرلے گی اور اسے امبیڈکر یونیورسٹی کے حوالے کیا جائے گا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر اردو اکیڈیمی کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ اردو یونیورسٹی حکام سے کہا گیا ہے کہ وہ کم سے کم پہلے سمسٹر کے نصاب کا ترجمہ مکمل کرلیں تاکہ کورس کے آغاز میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔ باقی مرحلوں کا کام یونیورسٹی اور اردو اکیڈیمی مشترکہ طور پر انجام دے سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ امبیڈکر یونیورسٹی نے جاریہ سال اردو میں نصابی کتب کی عدم تیاری کا بہانہ بناتے ہوئے اردو گریجویشن کورسس کو مسدود کردیا تھا۔ کورس کی بحالی کے سلسلہ میں روزنامہ سیاست نے نہ صرف مہم چلائی بلکہ حکومت کی توجہ مبذول کی۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی اور قائد اپوزیشن محمد علی شبیر نے خصوصی دلچسپی دکھاتے ہوئے امبیڈکر یونیورسٹی حکام کو کورس کی مسدودی کے فیصلے سے روک دیا۔ حکومت نے اردو ترجمہ فراہم کرنے کا پیشکش کرتے ہوئے تمام رکاوٹوں کو دور کردیا ہے اور اپنے وعدے کے مطابق ترجمے کا کام اردو یونیورسٹی کے ذمہ کیاگیا ہے۔ امبیڈکر یونیورسٹی کے حکام سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ویب سائٹ پر اردو آپشن کو بحال کردیں۔ فی الوقت صرف انگلش اور تلگو میڈیم کے آپشن دکھائی دے رہے ہیں۔ وہ طلبہ جنہوں نے گریجویشن کورسس میں داخلے کے لیے کوائلیفائنگ امتحان میں حصہ لیا تھا، انہوں نے کورس کی بحالی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT