Tuesday , September 25 2018
Home / شہر کی خبریں / امبیڈکر کو بھارت رتن ایوارڈ دینے میں تاخیر افسوسناک : وینکیا نائیڈو

امبیڈکر کو بھارت رتن ایوارڈ دینے میں تاخیر افسوسناک : وینکیا نائیڈو

حیدرآباد 14 اپریل (پی ٹی آئی) بی جے پی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر پارلیمانی اُمور ایم وینکیا نائیڈو نے کانگریس پر مبہم انداز میں تنقید کرتے ہوئے نیتاجی سبھاش چندر بوس، بی آر امبیڈکر اور سردار پٹیل جیسی قومی شخصیات کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے بھارت رتن ایوارڈ دینے میں تاخیر پر افسوس و برہمی کا اظہار کیا۔ مسٹر وینکیا نائیڈو نے ہندوستانی دستور کے معمار ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے یوم پیدائش کے ضمن میں اپنی پارٹی ہیڈکوارٹرس پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آزاد ہند کے پہلے وزیرداخلہ کی حیثیت سے سردار پٹیل نے شاہی ریاستوں کو متحد کیا اور امبیڈکر نے سماج کے غریب اور پچھڑے ہوئے طبقات کو دستوری تحفظ کی فراہمی کے ذریعہ اس اتحاد کو مستحکم کیا۔ اُنھوں نے سوال کیاکہ ’’لیکن ہمارے سماج نے ان کے لئے کیا کیا اس ملک میں جو برسر اقتدار تھے ایسے قائدین کی خدمات کا خاطر خواہ اعتراف نہیں کیا اور ہم اگر ایسا کہتے ہیں تو اُنھیں (سابق ارباب اقتدار کو) غصہ آتا ہے۔ لیکن ہمیں ڈرنے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے‘‘۔ وینکیا نائیڈو نے مزید کہاکہ ’’ڈاکٹر امبیڈکر کو بھارت رتن ایوارڈ کب دیا گیا؟ اس کے لئے کتنے سال گزر گئے؟ وہ دستور کے معمار تھے۔ دوسری بات یہ بھی ہے کہ پارلیمنٹ میں ان کے پورٹریٹ کی نقاب کشائی کیلئے کتنے سال لگ گئے۔ مسٹر نائیڈو نے یاد دلایا کہ حتیٰ کہ عثمانیہ یونیورسٹی نے 1953 ء میں امبیڈکر کو اعزازی ڈاکٹریٹ دی تھی۔ آزاد ہند کے پہلے وزیر قانون امبیڈکر اقتدار پر چمٹے رہے بغیر کابینہ سے مستعفی ہوگئے تھے۔ اُنھیں انتخابات میں شکست بھی ہوگئی تھی۔ اُنھیں کس نے ہرایا تھا یہ سب کو معلوم ہے‘‘۔

TOPPOPULARRECENT