Friday , November 24 2017
Home / شہر کی خبریں / امت کے مستحقین کی مدد کیلئے صاحب نصاب پر زکواۃ فرض

امت کے مستحقین کی مدد کیلئے صاحب نصاب پر زکواۃ فرض

مسقطی فیملی کی جانب سے رمضان پیاکیج کی تقسیم جناب محمد محمود علی و جناب زاہد علی خاں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 19 ۔ جون : ( راست ) : رمضان المبارک کے مقدس ماہ میں کارخیر کا کوئی نعم البدل نہیں ۔ بالخصوص جسمانی و مالی عبادات الہی کے علاوہ صاحب نصاب پر زکواۃ فرض کی گئی تاکہ امت مسلمہ کے مستحقین اس سے استفادہ کرسکیں ۔ ان خیالات کا اظہار آج ڈپٹی چیف منسٹر الحاج محمد محمود علی نے کوٹلہ عالیجاہ میں مال والا پیالیس پر منعقدہ الحاج ابراہیم بن عبداللہ مسقطی مرحوم کے فرزندان کی جانب سے غرباء و مساکین میں رمضان پیاکیج کی تقسیم تقریب کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم الحاج ابراہیم بن عبداللہ مسقطی سخی تاجر و دور اندیش سیاسی قائد تھے اور اپنی حیات میں بے شمار فلاحی ، عوامی ، سماجی ، مذہبی خدمات انجام دیں جو ناقابل فراموش ہیں ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ مرحوم مسقطی سیٹھ کا شمار انتہائی باوقار شخصیتوں میں ہوا کرتا تھا اور وہ آخری دم تک بلالحاظ مذہب و ملت عوام کی خدمات کو جاری رکھیں ۔ انہوں نے مرحوم مسقطی سیٹھ کے فرزندان کی ستائش کی جنہوں نے اپنے والد کے نقش قدم پر گامزن رہ کر غریبوں کی مدد و تعاون کو جاری رکھا ۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست نے کہا کہ ابراہیم بن عبداللہ مسقطی کا نام تعارف کا محتاج نہیں تقریبا نصف صدی سے ابراہیم مسقطی ڈیری پراڈکٹ کا قیام عمل میں لایا اور اللہ کے فضل و کرم سے مسقطی ڈیری پروڈکٹس کے سابقہ چیرمین اور میرے ساتھی میرے ہمدرد مخلص دوست مسقطی صاحب نے نہ صرف حیدرآباد بلکہ تلنگانہ و آندھرا کے علاوہ مہاراشٹرا ، کرناٹک ، بیرونی ممالک بشمول مسقط ، یمن ، سعودی عربیہ ، متحدہ عرب امارات میں مجبور و محروس عوام کی باز آبادکاری کرکے ان کو روزگار فراہم کیا ۔ جناب زاہد علی خاں نے کہا کہ مسقطی سیٹھ کبھی کسی کو مایوس نہیں کیا بلکہ وہ ہر کسی کی مدد ایسے کیا کرتے تھے کہ دوسرے کو پتہ نہیں چلتا ۔ جناب علی مسقطی نے کہا کہ ہر سال کی طرح امسال بھی مسقطی فیملی کی جانب سے غریب عوام میں زکواۃ کی تقسیم عمل میں لائی جاتی ہے چنانچہ فرزندان مسقطی سیٹھ اپنے والد کے نقش قدم پر گامزن رہ کر غریب عوام کی خدمت کو اپنا نصب العین بنایا ہے ۔ تقریب میں فرزندان مسقطی سیٹھ کے علاوہ زبیر بن سلیم العمودی ، محمد عمر خاں ، علی الگتمی ، سید بشیر ، محمد عتیق ، محمد شوکت ، محمد احمد ، محمد انور حسین کے علاوہ حاجی موسی قاسم ، کاظم حسین خان و دیگر نے شرکت کی ۔ تقریب میں تقریبا 3 ہزار سے زیادہ غریب عوام نے استفادہ کیا ۔

TOPPOPULARRECENT