Saturday , November 18 2017
Home / شہر کی خبریں / امجد اللہ خاں خالد اکبر باغ ، اہلیہ اعظم پورہ سے امیدوار

امجد اللہ خاں خالد اکبر باغ ، اہلیہ اعظم پورہ سے امیدوار

مجلس بچاؤ تحریک کے سینئیر رفقاء سے طویل مشاورت کے بعد فیصلہ
حیدرآباد ۔ 16 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : مجلس بچاؤ تحریک کی قیادت نے آج ایک اہم ترین فیصلہ کرتے ہوئے بلدی حلقہ اعظم پورہ اور بلدی حلقہ اکبر باغ سے اپنے امیدواروں کا اعلان کردیا ہے ۔ ترجمان تحریک جناب مجید اللہ خاں فرحت کے بموجب صدر مجلس بچاؤ تحریک ڈاکٹر قائم خاں نے جماعت کے سینئیر رفقاء سے طویل مشاورت کے بعد محفوظ کئے گئے بلدی حلقہ اعظم پورہ سے جناب امجد اللہ خاں خالد سابق کارپوریٹر اعظم پورہ کی اہلیہ اسماء خاتون کو امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ تحریک کی جانب سے امجد اللہ خاں خالد کو بلدی حلقہ اکبر باغ سے امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ صدر تحریک ڈاکٹر قائم خاں نے بتایا کہ جن لوگوں نے حلقہ اعظم پورہ کو محفوظ کرنے کی سازش رچی تھی انہیں تحریک کی جانب سے موثر جواب دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ برسر اقتدار جماعتوں سے مل کر سازش کرنے والوں کو عوام معاف نہیں کریں گے بلکہ رائے دہی کے ذریعہ اس سازش کے تیار کنندگان کو جواب دیں گے ۔ ڈاکٹر قائم خاں نے کہا کہ غازی ملت محمد امان اللہ خاں کا گھرانہ ملت کے لیے قربانیاں دینے والا گھرانہ ہے اور یہ گھرانہ امت مسلمہ کی خدمت کے لیے ہمہ وقت سرگرم رہا ہے اور رہے گا ۔ جناب امجد اللہ خاں خالد کو اکبر باغ سے امیدوار بنائے جانے کے متعلق انہوں نے بتایا کہ بلدی حلقہ اکبر باغ کے لیے امجد اللہ خاں خالد کوئی گمنام شہری نہیں ہیں بلکہ کارپوریشن میں موجود تمام بلدی وارڈس میں سابق کارپوریٹر کی منفرد شناخت ہے جس کی بنیادی وجہ ان کی بے باک نمائندگی اور عوامی خدمات ہیں ۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اکبر باغ کے رائے دہندے بھی تحریک کے امیدوار کو بھاری اکثریت سے کامیاب بناتے ہوئے علاقہ کی ترقی کی راہ ہموار کریں گے۔ جناب امجد اللہ خاں خالد نے اپنے قائدین و سینئیر رفقاء سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اللہ رب العزت کی ذات سے پوری امید ہے کہ وہ اپنے حبیبؐ کے صدقہ میں تحریک کے امیدواروں کی کامیابی کی راہیں ہموار کرے گا ۔۔

TOPPOPULARRECENT