Sunday , December 17 2017
Home / شہر کی خبریں / امراوتی سنگ بنیاد تقریب میں نریندر مودی مدعو

امراوتی سنگ بنیاد تقریب میں نریندر مودی مدعو

کجریوال کو بھی شرکت کی دعوت، چندرا بابو نائیڈو دہلی میں مصروف
حیدرآباد۔/14اکٹوبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے آج اپنے قیام دہلی کے موقع پر وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی سے ملاقات کی اور انہیں 22اکٹوبر کو امراوتی میں ریاست آندھرا پردیش کی راجدھانی کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔ وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی نے مسٹر چندرا بابو نائیڈو کی دعوت قبول کی۔ قبل ازیں مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے سوچھ بھارت کیلئے تشکیل دی گئی سب کمیٹی کی جانب سے مرتب کردہ رپورٹ دیگر ارکان کمیٹی کے ہمراہ وزیر اعظم کو پیش کی ۔ جس پر وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی نے مسٹر چندرا بابو نائیڈو کی زبردست ستائش کی۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ مقررہ مدت میں سوچھ بھارت سے متعلق رپورٹ مرتب کرنے اور انہیں پیش کرنے پر وزیر اعظم نے مسرت کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے بتایا کہ سنگ بنیاد پروگرام کو قطعیت دے دی گئی ہے۔ وزیر اعظم کے ساتھ مسرس ایل کے اڈوانی، راجناتھ سنگھ مرکزی وزیر داخلہ، ارون جیٹلی مرکزی وزیر فینانس و دیگر اہم قائدین کو مدعو کیا گیا ہے اور ان تمام نے شرکت سے اتفاق کیا ہے۔ اسی دوران بتایا گیا ہے کہ چیف منسٹر دہلی مسٹر کجریوال نے اے پی بھون پہنچ کر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کی اور اس ملاقات کے دوران مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے اپنے ہم منصب چیف منسٹر دہلی کو آندھرا پردیش راجدھانی کی تقریب سنگ بنیاد میں شرکت کی دعوت دی۔ مسٹر کجریوال نے اس دعوت کو قبول کرتے ہوئے تقریب میں شرکت سے اتفاق کیا۔
کے سی آر کو بھی مدعو کرنے کا اعلان
٭٭ مسٹر چندرابابو نائیڈو نے کہا کہ آندھرا پردیش کے نئے دارالحکومت امراوتی کیلئے نیک تمناؤں کی ضرورت ہے اور وہ کئی قائدین بشمول تلنگانہ ہم منصب کے چندر شیکھر راؤ کو تقریب سنگ بنیاد میں مدعو کریں گے۔ آندھرا پردیش میں قائد اپوزیشن وائی ایس جگن موہن ریڈی کو بھی دعوت نامہ روانہ کیا جارہا ہے۔
امراوتی سنگ بنیاد تقریب میں شرکت کیلئے تیار: کے ٹی آر
حیدرآباد۔/14اکٹوبر، ( این ایس ایس ) وزیر آئی ٹی و پنچایت راج کے ٹی راما راؤ نے آج وضاحت کی کہ اگر حکومت آندھرا پردیش دعوت دے تو 22اکٹوبر کو امراوتی میں منعقد شدنی سنگ بنیاد تقریب میں وہ ضرور شرکت کریں گے۔ تلنگانہ بھون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں تلگو ریاستیں صرف ترقی کے معاملہ میں ایک دوسرے سے مسابقت کررہی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT