Thursday , November 15 2018
Home / Top Stories / امرتسر حادثہ : مہلوکین کے خاندانوں کو فی کس 5 لاکھ روپئے ، مجسٹریٹ تحقیقات

امرتسر حادثہ : مہلوکین کے خاندانوں کو فی کس 5 لاکھ روپئے ، مجسٹریٹ تحقیقات

امرتسر میں زخمیوں کے علاج کے مصارف حکومت برداشت کرے گی ، متاثرین سے ملاقات کے بعد چیف منسٹر پنجاب امریندر سنگھ کا اعلان

امرتسر۔ 20 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) پنجاب کے چیف منسٹر امریندر سنگھ نے آج امرتسر ٹرین حادثہ کے مہلوکین کے ورثاء اور زخمیوں سے ملاقات کے بعد اس المناک حادثہ کی مجسٹریٹ کے ذریعہ تحقیقات کا حکم دیا اور اپوزیشن جماعتوں پر زور دیا کہ اس مسئلہ کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے۔ چیف منسٹر امریندر سنگھ نے جو آج اسرائیل کے سرکاری دورہ پر روانہ ہونے والے تھے۔ اس دورہ کو منسوخ کرتے ہوئے متاثر مقام پہونچ کر نقصانات کا جائزہ لیا اور متاثر سے ملاقات کی۔ بعدازاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم اس واقعہ کی مجسٹریٹ کے ذریعہ تحقیقات کا اعلان کرتے ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹ کے پیشکشی کیلئے چار ہفتے دیئے گئے ہیں لیکن قصورواروں کی نشاندہی کے لئے تحقیقات کا کام جالندھر کے ڈیویژنل کمشنر کو دیا گیا۔ واضح رہے کہ جوڑا پارک کے قریب دسہرہ کا جشن منانے والوں میں شامل 58 افراد کو ٹرین نے اس وقت روند دیا جب وہ پٹریوں پر کھڑے راون کا پتلہ جلانے کا منظر دیکھ رہے تھے۔ عہدیداروں نے کہا ہے کہ جمعہ کی شام تقریباً 300 افراد پٹریوں کے قریب ’راون داہن‘ دیکھ رہے تھے۔ امریندر سنگھ نے امن دیپ ہاسپٹل، سیول ہاسپٹل اور گرونانک دیو ہاسپٹل پہونچ کر زخمیوں کو مزاج پرسی کی اور ڈاکٹروں کو ہدایت کی کہ انہیں ممکنہ حد تک بہترین علاج مہیا کیا جائے۔ انہوں نے اس وقاعہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین اور زخمیوں کے خاندانوں کو حکومت کی طرف سے مکمل امداد فراہم کرنے کا تیقن دلایا۔ انہوں نے کہا کہ دواخانہ میں انہوں نے ان دو چھوٹی بچیوں سے بھی ملاقات کی ہے، جن کے خاندانوں کے تمام افراد اس المناک واقعہ میں ہلاک ہوچکے ہیں جس (واقعہ) کا ساری قوم سوگ منا رہی ہے۔ امریندر سنگھ نے کہا کہ یہ اس مسئلہ پر سیاسی کھلواڑ کا وقت نہیں ہے اور اپوزیشن پر زور دیا کہ متاثرین کے امداد رسانی کے عمل میں حکومت کے ساتھ تعاون کرے۔ انہوں نے کہا کہ مہلوکین کے خاندان کیلئے فی کس 5 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا پہلے ہی اعلان کیا جاچکا ہے۔ علاوہ ازیں مختلف دواخانوں میں شریک زخمیوں کے علاج کے مصارف حکومت برداشت کرے گی۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے مزید کہا کہ اس واقعہ میں 59 افراد ہلاک اور دیگر 59 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ 9 نعشوں کے سواء دیگر تمام مہلوکین کی شناخت کرلی گئی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ تل ابیب روانگی کیلئے دہلی ایرپورٹ پر موجود تھے کہ اس المناک واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اپنا دورۂ اسرائیل منسوخ کرتے ہوئے دوبارہ پنجاب واپس ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات کی شب ہی امرتسر کا دورہ کرنے والے تھے لیکن ضلع حکام نے انہیں کچھ وقت کے لئے دورہ نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا، یہ چاہتے تھے اگر کسی انتہائی اہم شخصیت (وی آئی پی) کے دورہ کے سبب شدت سے مطلوب امدادی کاموں سے توجہ نہ ہٹ جائے۔ امریندر سنگھ آج صبح امرتسر ایرپورٹ پر واپسی کے ذریعہ مقام واقعہ روانہ ہوئے جہاں انہوں نے سینئر حکام سے بات چیت کے دوران امدادی کاموں کا جائزہ لیا۔ ان کے ساتھ وزیر صحت برھم مہندرا، وزیر مجالس مقامی نوجوت سنگھ سدھو، وزیر تعلیم او پی سونی، پنجاب پردیش کانگریس کے صدر سنیل جاکھر اور دوسرے بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT