Wednesday , December 13 2017
Home / اضلاع کی خبریں / امرت اسکیم کے ذریعہ ہر گھر کو نل کنکشن

امرت اسکیم کے ذریعہ ہر گھر کو نل کنکشن

فنڈز سے استفادہ کی خواہش : میئر کریم نگر رویندر سنگھ

کریم نگر۔/26اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے منصوبوں اور سوچ و فکر کے مطابق ہر گھر کو نل کنکشن دیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں امرت فنڈ سے استفادہ کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ میئر سردار رویندر سنگھ نے بلدی کمشنر کے وی رمنا چاری کے امرت اسکیم بیداری پروگرام کے تحت منعقدہ اجلاس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ امرت پروگرام کے تحت حاصل شدہ فنڈز کو استعمال کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ پینے کے پانی کی سربراہی انڈر گراؤنڈ ڈرینج، موریاں، برساتی نالوں اور پارکس کی تعمیر و ترقی کے کاموں کو مکمل کرنا ہوگا۔ امرت اسکیم میں مجلس بلدیہ کے حصہ کے تحت آٹھ کروڑ روپئے ڈپازٹ کئے جائیں گے تب جملہ 25کروڑ روپئے حاصل ہوں گے اور پھر 14ویں فینانس کمیشن کے فنڈز کے عدم استعمال پر اس کو ڈپازٹ کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر محلہ کو  پینے کے پانی کی سربراہی ہوگی اور پانی کے میٹرس نصب کئے جائیں گے اور اس کا عوام پر بوجھ نہیں ڈالا جائے گا میئر رویندر سنگھ نے اس بات کا تیقن دیا۔ انہوں نے کہا کہ 95 فیصد فنڈز کو پانی کی سربراہی کیلئے پہلے سال جاری کیا جائے گا جبکہ نلوں کے بلوں سے حاصل شدہ چار کروڑ روپئے بھی دیگر اہم ضروریات پر خرچ کئے جائیں گے۔ انہوں نے برساتی نالوں، پارکس کی تعمیر و ترقی کیلئے عوام کے تعاون کو ضروری قرار دیا۔ کمشنر بلدیہ وی رمنا چاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پینے کے پانی کو ضائع نہ کرنے کی غرض سے میٹرس نصب کئے جائیں گے، پانی کو احتیاط سے خرچ کرنے پر سو روپئے کافی ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امرت اسکیم کی قانون کے دائرہ میں تکمیل کیلئے منصوبہ عمل تیار کیا جارہا ہے اور اس کو بہت جلد روانہ کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر کارپوریٹرس وائی سنیل راؤ، گنڈے مادھوی، پی سرینواس، وائی انجن کمار، چلا سومیش نے نلوں کے پانی پر میٹرس کی تنصیب کی مخالفت کی۔

TOPPOPULARRECENT