Thursday , November 23 2017
Home / دنیا / امرناتھ یاترا پر حملہ کی امریکہ اور بنگلہ دیش میں مذمت

امرناتھ یاترا پر حملہ کی امریکہ اور بنگلہ دیش میں مذمت

شیخ حسینہ کا مودی کے نام تعزیتی مکتوب، بہیمانہ حملہ پر غم و غصہ کا اظہار ، ہند نژاد امریکیوں کو صدمہ

ڈھاکہ / واشنگٹن ۔ 11 ۔ جولائی : (سیاست ڈاٹ کام ) : وزیراعظم بنگلہ دیش شیخ حسینہ نے کشمیر میں امرناتھ یاترا کے دوران کیے گئے دہشت گردانہ حملہ میں سات یاتریوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا اور اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہندوستان کے ساتھ بنگلہ دیش بھی دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں شانہ بشانہ شامل ہے ۔ یاد رہے کہ جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ڈسٹرکٹ میں کل شام ہوئے دہشت گرد حملہ میں سات امرناتھ یاتری ہلاک اور 19 دیگر زخمی ہوگئے ۔ جس بس میں یاتری سوار تھے اس کی رجسٹریشن نمبر پلیٹ گجرات کی تھی اور وہ بال تال سے جموں جارہی تھی ۔ وزیراعظم ہند نریندر مودی کے نام تحریر کردہ ایک مکتوب میں انہوں نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار اور مہلوکین کے ارکان خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا ۔ دوسری طرف امریکہ میں ایک ہند و امریکن ادارے نے بھی امرناتھ یاتریوں کی ہلاکت پر افسوس کیا اور ٹرمپ انتظامیہ سے خواہش کی کہ وہ پاکستان کو راہ راست پر لانے کے اقدامات کرے جو ان دہشت گرد گروپس کی مدد کرتا ہے جو ہندوستان میں حملے کرنا چاہتے ہیں ۔ ہند و امریکن فاونڈیشن (MAF) بورڈ کے رکن راجیو پنڈت نے کہا کہ مہلوکین میں وہ معصوم اور بے قصور لوگ شامل ہیں جو اپنے بنیادی حقوق یعنی آزادی مذہب پر عمل پیرا تھے لیکن ان کی جان لے کر انہیں اس حق سے بھی محروم کردیا گیا ۔ ایچ اے ایف کے سینئیر ڈائرکٹر سمیر کالرا نے کہا کہ کشمیر میں ہندو یاتریوں کو زبردست تشدد کا خطرہ لاحق ہے ۔ الینائے کے ہندوستانی نژاد امریکی کانگریس مین راجہ کرشنا مورتی نے بھی امرناتھ یاتریوں کی ہلاکت کی مذمت کی ۔

TOPPOPULARRECENT