Saturday , November 18 2017
Home / سیاسیات / امریندر سنگھ کے کٹر نقاد برار کانگریس سے خارج

امریندر سنگھ کے کٹر نقاد برار کانگریس سے خارج

پنجاب میں مسلسل پارٹی مخالف بیان بازی کا شاخسانہ۔ میری شنوائی نہیں ہوئی : برار
نئی دہلی ۔ 11 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج سخت کارروائی کرتے ہوئے سینئر لیڈر جگمیت سنگھ برار کو جو پارٹی کی پنجاب یونٹ کے سربراہ امریندر سنگھ کے معروف نقاد ہیں، تنظیم کے مفادات کے خلاف ان کی مسلسل بیان بازی کے تناظر میں پارٹی سے خارج کردیا۔ پارٹی  جنرل سکریٹری اور پنجاب امور کے انچارج شکیل احمد نے کہا کہ آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) نے سابق ایم پی جگمیت سنگھ برار کو فوری اثر کے ساتھ پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے خارج کردیا ہے۔ انہوں نے یہ اعلان ایک ٹوئیٹ میں کیا، جس سے چند منٹ بیشتر انہوں نے ایک مکتوب باغی لیڈر کو ای میل کرتے ہوئے انہیں واقف کرایا کہ وہ پارٹی  امور کے بارے میں عوامی فورموں میں لب کشائی سے گریز کرنے کا اپنا وعدہ نبھانے میں بری طرح ناکام ہوگئے۔ شکیل احمد نے برار کو ارسال کردہ مکتوب میں واضح کردیا کہ اسے مکتوبِ اخراج سمجھ لیں اور مزید کہا کہ اے آئی سی سی نے اس مسئلہ کے ہر پہلو پر غور کرنے کے بعد اس اقدام کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی قائدین نے کہا کہ اے آئی سی سی کو یہ کارروائی کرنے پر مجبور ہونا پڑا کیونکہ برار ریاست میں اپنے بیانات کے ذریعہ پارٹی والوں کی حوصلہ شکنی اور انہیں الجھن میں مبتلا کرنے کی کوششیں کررہے تھے، جہاں پارٹی کو آئندہ سال اسمبلی الیکشن کا سامنا ہے۔ اس کارروائی کا پس منظر یہ بھی ہیکہ پنجاب کے کئی سینئر پارٹی قائدین نے برار کے تعلق سے ہائی کمان کو واقف کراتے ہوئے ان کے اخراج کا مطالبہ کیا تھا۔ برار امریندر کے اس روز سے ہی کٹر نقاد بن گئے تھے جب انہیں پی سی سی سربراہ مقرر کیا گیا، اور انہوں نے عام آدمی پارٹی کی ریالی منعقدہ ماگھی میلہ کی کافی تعریف و ستائش کی تھی۔ دریں اثناء اپنے اخراج پرشدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے برار نے کہا کہ ان کے مدعا کی سماعت کے بغیر انہیں سزا دی گئی۔ انہوں نے ٹوئیٹر پر کہا : ’’مجھے بس ابھی جنرل سکریٹری شکیل احمد کا مکتوب وصول ہوا جس میں پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے میرے اخراج کی بابت مجھے مطلع کیا گیا۔ مجھے شنوائی کے بغیر سزادے دی گئی‘‘۔

TOPPOPULARRECENT