Wednesday , January 24 2018
Home / کھیل کی خبریں / امریکہ خواتین کے فٹبال عالمی کپ کا فاتح، فائنل میں جاپان کو شکست

امریکہ خواتین کے فٹبال عالمی کپ کا فاتح، فائنل میں جاپان کو شکست

وینکوور ، 6 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) خواتین کے فیفا فٹبال عالمی کپ کے فائنل میں امریکہ نے جاپان کو 5-2 سے شکست دے کر عالمی کپ اپنے نام کر لیا ہے۔ امریکہ خواتین کا عالمی کپ تین مرتبہ جیتنے والا پہلا ملک بھی بن گیا ہے۔ کینیڈا کے شہر وینکوور میں کھیلے گئے فائنل کے آغاز سے ہی امریکہ نے جارحانہ انداز اپنائے رکھا اور کھیل کے پہلے پانچ منٹ میں ہی امریکہ نے دو گول کردیئے۔ میچ کا پہلا گول پہلے ہاف کے تیسرے منٹ پر کارلی لائیڈ نے کیا اور دو منٹ بعد ہی انھوں نے اپنا دوسرا گول کر کے اپنی ٹیم کو دو گول کی برتری دلا دی۔ کھیل کے 14ویں منٹ میں لورین ہولیڈے نے امریکہ کی جانب سے تیسرا گول کیا اور اس کے دو منٹ بعد کارلی لائیڈ نے گراؤنڈ کے وسط سے ایک لانگ شاٹ لگاتے ہوئے اپنی ہیڑک مکمل کی اور میچ کا چوتھا گول کردیا۔ خواتین کے عالمی کپ مقابلوں کے فائنل میں یہ کسی بھی کھلاڑی کی پہلی ہیٹرک ہے۔ چار گول کے خسارے میں جانے کے بعد میچ کے 27ویں منٹ میں ڈیفنڈنگ چمپئن جاپان کی جانب سے یوکی اوگِمی نے پہلا گول اسکور کیا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر امریکہ کو 4-2 کی برتری حاصل تھی۔ دوسرے ہاف میں میچ کے 52ویں منٹ میں امریکی کھلاڑی جولی جاہنٹسن نے اپنی ہی ٹیم کے خلاف گول کردیا جس سے امریکہ کی ایک گول کی برتری کم ہوگئی۔ تاہم ٹوبن ہیتھ نے 54ویں منٹ میں امریکہ کی جانب سے پانچواں گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری بڑھائی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ 2011ء میں جرمنی میں کھیلے گئے خواتین کے فٹبال عالمی کپ کے فائنل میں بھی جاپان اور امریکہ کی ٹیمیں آمنے سامنے آئی تھیں، جس میں جاپان نے پنلٹی شوٹ آؤٹ میں 3-1 سے شکست دے کر عالمی کپ اپنے نام کیا تھا۔ گزشتہ روز تیسری پوزیشن کیلئے کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کی خواتین نے جرمنی کو 1-0 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔

TOPPOPULARRECENT