Wednesday , July 18 2018
Home / کھیل کی خبریں / امریکہ میں سہ رخی سیریز کی تیاریوں کا آغاز

امریکہ میں سہ رخی سیریز کی تیاریوں کا آغاز

کراچی۔13 فبروری (سیاست ڈاٹ کام ) مالی معاملات طے ہونے کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم پہلی مرتبہ امریکہ میں ٹوئنٹی20 کرکٹ میچ کھیلے گی۔ انگلینڈ، آئر لینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے دورے کے بعد پاکستانی کھلاڑی امریکہ جائیں گے۔ امریکی ریاستوں فلوریڈا اور ٹیکساس میں پاکستانیو ں کی بڑی تعداد مقیم ہے اور مقابلوں کے لئے زبردست جوش وخروش پایا جاتا ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم اگست میں امریکہ کے شہروں فورٹ لیڈر ڈیل اور ہیوسٹن میں سہ رخی کرکٹ ٹورنمنٹ میں حصہ لے گی۔ ٹی 20 کی باقی دو ٹیمیں ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش ہوں گی۔ اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ اور ویسٹ انڈیز بورڈ کے درمیان مالی معاملات طے ہورہے ہیں اور مذاکرات ابتدائی مرحلے میں ہے۔ امریکہ میں کرکٹ منتظمین نے کہا ہے کہ انہوں نے ٹورنمنٹ کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ فلوریڈا کا شہر فورٹ لیڈر ڈیل اس سے قبل نیوزی لینڈ، ہندوستان، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے مقابلوں کی میزبانی کرچکا ہے۔ ویسٹ انڈیز بورڈ سینٹرل برو ورڈ ریجنل پارک میں کیریبین لیگ کے میچ بھی کرواچکا ہے۔ یہ میدان آئی سی سی سے منظورہ شدہ ہے۔ ہیوسٹن اس سے قبل 2002میں ڈبل وکٹ ٹورنامنٹ بھی کرواچکا ہے۔ یہاں ایک پاکستانی نے نیا کرکٹ اسٹیڈیم بنایا ہے جس پر پہلی مرتبہ بین الاقوامی میچ کروائے جائیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مصدقہ ذرائع نے کہا ہے کہ مارچ میں پاکستان سوپر لیگ فائنل کے بعد ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم لاہور آئے گی۔ سیریز میں تین ٹی ٹوئنٹی 29،31مارچ اور یکم اپریل کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ ویسٹ انڈیز بورڈ نے اس سے قبل پاکستان کے ساتھ پانچ سالہ معاہدہ کرنے پر حامی بھری تھی لیکن اب اس نے پانچ سالہ معاہدہ کرنے سے معذرت کر لی ہے تاہم مارچ اپریل کی سیریز کھیلنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ اس سلسلے میں ویسٹ انڈیز بورڈ کی پلیئرز اسوسی ایشن سے بات چیت کامیاب رہی ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم اگست میں جوابی سیریز کے لئے امریکہ جائے گی جہاں ویسٹ انڈیز بورڈ میزبانی کرے گا۔ ذرائع کے بموجب پاکستان ،ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان معاملات طے پانے کے بعد ٹورنمنٹ ڈبل لیگ کی بنیاد پر ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT