Tuesday , November 21 2017
Home / جرائم و حادثات / امریکہ میں قتل کئے گئے انجینئر کی نعش حیدرآباد لائی گئی

امریکہ میں قتل کئے گئے انجینئر کی نعش حیدرآباد لائی گئی

حیدرآباد 27 فبروری ( سیاست نیوز ) امریکہ میں قتل کئے گئے سافٹ ویر انجینئر سرینواس کوچی بوٹلہ کی نعش آج رات حیدرآباد پہونچی ۔ نعش امریکہ سے بذریعہ طیارہ سرینواس کی بیوہ سنینا دومالا ‘ ان کے بھائی سائی کرن اور ان کے کچھ رشتہ داروں نے حیدرآباد منتقل کی ۔ نعش رات 9.45 بجے شمس آباد ائرپورٹ پہونچی ۔ صرف سرینواس کے والد کے مدھوسدن چاری اور افراد خاندان کو ائرپورٹ کے وی آئی پی لاؤنج نعش حاصل کرنے جانے کا موقع دیا گیا ۔ ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پی مہیندر ریڈی ‘ رکن پارلیمنٹ ملکاجگری سی ایچ ملا ریڈی ‘ ارکان اسمبلی جی کشن ریڈی اور کے پی ویویکانند بھی ائرپورٹ پہونچنے والوں میںشامل تھے ۔ وزیر موصوف اور دیگر عوامی نمائندوں کو نعش حاصل کرنے ائرپورٹ وی آئی پی لاؤنج میں جانے کا موقع دیا گیا ۔ نعش کی آمد کے موقع پر ائرپورٹ پر کثیر تعداد میں ہجوم جمع ہوگیا تھا ۔ اس کے بعد ایک قافلہ کی شکل میں نعش کو خصوصی ایمبولنس کے ذریعہ باچوپلی میں متوفی کی قیامگاہ کو منتقل کیا گیا ۔ ایمبولنس کا انتظام حکومت نے کیا تھا ۔ امکان ہے کہ سرینواس کی آخری رسومات کل 11.30 بجے دن جوبلی ہلز میں ادا کی جائینگی ۔

TOPPOPULARRECENT