Saturday , June 23 2018
Home / Top Stories / امریکہ میں گن کلچر ختم کرنے صدر ٹرمپ کی سخت ہدایات

امریکہ میں گن کلچر ختم کرنے صدر ٹرمپ کی سخت ہدایات

فلوریڈا اسکول فائرنگ واقعہ کے بعد شدید تنقیدیں، خطرناک خودکار رائفلس پر پابندی کیلئے محکمہ انصاف پر زور

واشنگٹن۔21 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) فلوریڈا میں ایک اسکول میں ہوئی ہلاکت خیز خطرناک فائرنگ پر شدید برہمی کا سامنا کرتے ہوئے صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے امریکہ میں گن کلچر کو ختم کرنے کی سخت ہدایت دی ہیں۔ انہوںنے جسٹس ڈپارٹمنٹ کو حکم دیا ہے کہ وہ خطرناک خودکار اسلحہ پر پابندی کے لیے تیزی سے غور کریں۔ متنازعہ ڈیوائس سے امریکہ میں خون ریزی کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔ نیم خودکار رائفلس ایک خطرناک جان لیوا ڈیوائس بن گیا ہے۔ یہ سیمی آٹو میٹک رائفلس مکمل خودکار ہتھیار بن گئے ہیں جس سے ایک منٹ میں سینکڑوں رائونڈس فائرنگ ہوتی ہے۔ صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کل ہی اٹارنی جنرل چیف سیشن کو ایک یادداشت پر دستخط کرتے ہوئے ہدایت دی تھی کہ وہ امریکہ میں تمام ڈیوائسوں پر پابندی عائد کرنے والا قانون لائیں۔ امریکہ میں لیگل ہتھیار دھیرے دھیرے مشین گنوں میں تبدیل ہورہے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ میں توقع کرتا ہوں کہ ان نازک حالات میں امریکہ کو سخت قدم اٹھانے کی ضرورت ہے۔ اس قانون کو فوری قطعیت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فلوریڈا اسکول میں ہلاکت خیز فائرنگ میں 14 طلباء اور 3 ٹیچرس ہلاک ہوئے تھے۔ اس فائرنگ واقعہ کے بعد امریکہ میں یہ بحث چھڑ گئی ہے کہ ملک میں ’’گن کلچر‘‘ پر کنٹرول کرنے کا وقت آگیا ہے۔

فلوریڈا اسکول فائرنگ میں اگرچہ کہ خطرناک ڈیوائس کا استعمال نہیں کیا گیا لیکن یہ واقعہ اکٹوبر میں لاس وگاس اجتماعی فائرنگ کے بعد شدید متنازعہ بن گیا۔ بندوق بردار نے گزشتہ سال اکٹوبر میں لاس ویگاس میں فائرنگ کرتے ہوئے تقریباً 60 افراد کو ہلاک کردیا تھا۔ لاس ویگاس میں خون ریز فائرنگ کے بعد ٹرمپ نے اٹارنی جنرل کو ہدایت دی تھی کہ وہ امریکہ میں خطرناک خودکار رائفلس کے چلن پر پابندی کا قانون تیار کریں۔ لاس ویگاس میں استعمال کردہ گن موجودہ قانون کے تحت غیر قانونی ہے۔ اس یادداشت میں ٹرمپ نے کہا کہ اگرچہ کہ اوباما نظم و نسق نے بھی ان خطرناک رائفلس پر پابندی کے لیے حتمی فیصلہ کرلیا تھا لیکن اس پر عمل نہیں ہوا۔ اب ایسا قانون بنانے کی ضرورت ہے کہ ایک مکمل خودکار مشین گنوں پر پابندی عائد کرنے کا قانون سخت بنایا جائے۔امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کانگریس میں زیر بحث اس مجوزہ قانون کی حمایت کا عندیہ دیا ہے کہ جس کے تحت امریکہ میں آتشیں اسلحہ کے خریداروں کے ماضی کی چھان بین مزید سخت کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ وائٹ ہائوس کی ترجمان ہکابی جونیئر نے صحافیوں کو بتایا کہ صدر ٹرمپ نے گزشتہ ہفتہ فلوریڈا کے ایک اسکول میں فائرنگ کے واقعہ کے بعد ٹیکساس سے منتخب ری پبلکن سنیٹر جان کورنین سے مجوزہ قانون پر گفتگو کی تھی۔

TOPPOPULARRECENT