Friday , December 15 2017
Home / شہر کی خبریں / امریکہ میں ہندوستانیوں پر نسل پرستانہ حملوں سے امریکی معیشت کو نقصان

امریکہ میں ہندوستانیوں پر نسل پرستانہ حملوں سے امریکی معیشت کو نقصان

امریکہ میں ہندوستانی سیاحوں کے کئی ملین ڈالر کے خرچ سے تفریح ، حکومت ہند کا سخت نوٹ
حیدرآباد۔12اپریل (سیاست نیوز) امریکہ میں ہندستانیوں پر کئے جانے والے نسل پرستانہ حملوں سے امریکی معیشت کو نقصان پہنچے گا اور اس نقصان کی پابجائی دیگر ممالک کے ذریعہ ممکن نہیں ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ امریکہ میں ہندستانی شہریو ںپر ہونے والے نسل پرستانہ حملوں کے سبب پیدا شدہ صورتحال سے امریکی معیشت کو ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا جانے لگا ہے اور کئی اداروں نے اس بات کی پیش قیاسی کی ہے کہ اگر ہندوستانی سیاحوںکو امریکہ کے سفر سے روکا جاتا ہے یا ان پر جاری نسل پرستانہ حملوں کی وجہ سے وہ امریکہ کارخ کرنا بند کردیتے ہیں تو امریکہ کی آمدنی میں کمی واقع ہونے لگے گی اور اس کے منفی اثرات معیشت پر پڑنے لگیں گے۔ سال 2015کے دوران 10لاکھ ہندوستانی شہریوں نے بغرض سیاحت امریکہ کی مختلف ریاستوں کا دورہ کیا اوراس دورہ کے دوران ہندستانی شہریوں نے 12بلین ڈالر امریکہ میں خرچ کئے ہیں۔ حالیہ دنوں میں منظر عام پر آئی اس رپورٹ کے مطابق ہندوستانی سیاح امریکہ میں قیام طویل کرتے ہیں لیکن اس قیام کے دوران وہ خرچ بھی کافی زیادہ کرتے ہیں اور ان کے اس خرچ کے سبب امریکی معیشت کو کافی فروغ حاصل ہوتا ہے۔ امریکی محکمہ سیاحت کے مطابق ہندوستانی شہری اپنے قیام امریکہ کے دوران سیر و سیاحت کے علاوہ دیگر امور پر بھی کافی خرچ کرتے ہیں جو کہ امریکہ کے لئے فائدہ مند ہے۔ سال 2015کے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے محکمہ سیاحت کے عہدیدارنے بتایا کہ اس ایک سال کے دوران ایک ملین ہندوستانی شہریوں نے امریکہ میں 12بلین ڈالر خرچ کئے ہیں جو کہ امریکی آمدنی میں 7ویں مقام پر ہے ۔ تفصیلات کے بموجب امریکہ کا سفر کرنے والے بیرونی سیاحوں میں ہندوستانی سیاح مدت قیام اور قوت خرچ کے اعتبار سے عالمی سطح پر ساتویں نمبر پر ہیں جو کہ کافی خرچ کرتے ہیں۔ مسٹر کرسٹ تھامپسن سی ای او اینڈ پریسیڈنٹ برانڈ امریکہ نے بتایا کہ ہندوستانی شہریوں کی آمد سے امریکی معیشت کو استحکام حاصل ہوتا ہے اور جاریہ سال امریکہ میں ہندوستانی شہریوں پر ہونے والے نسل پرستانہ حملوں کے سبب سیاحوں کی تعداد میں کمی واقع ہونے کا امکان ہے لیکن وہ اور ان کی کمپنی کی جانب سے اس بات کی کوشش کی جائے گی کہ ہندوستانی شہریوں کو امریکہ کے سفر سے خوفزدہ نہ ہونے دیا جائے اور ان میں اعتماد پیدا کیا جائے تاکہ دونوں ممالک کے شہریوں میں نفرت فروغ نہ پائے ۔ امریکہ میں ہندوستانیوں پر ہونے والے نسل پرستانہ حملوں کا حکومت ہند نے بھی سخت نوٹ لیا ہے اور اس بات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نئے تعلیمی سال کے دوران امریکہ میں ہندوستانی و چینی طلبہ کے داخلوں کے رجحان میں بھی کمی ریکارڈ کی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT