Tuesday , December 12 2017
Home / Top Stories / امریکہ نے ہمیشہ فوجی حکومت کو ترجیح دی: حنا ربانی

امریکہ نے ہمیشہ فوجی حکومت کو ترجیح دی: حنا ربانی

دبئی۔ 21 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق پاکستانی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان میں فوجی حکومتوں سے معاملات طے کرنے کو ترجیح دیتا آیا ہے جس کی وجہ سے ملک میں فوج کا اثر و رسوخ ناگزیر ہو چکا، پاکستان میں جمہوری عمل بار بار معطل ہونے میں امریکہ کا بھی کردار ہے کیونکہ اس نے ایک کے بعد ایک فوجی آمر کی حمایت کی الجزیرہ ٹی وی سے خصوصی انٹرویو میں حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ سیاست دانوں کا بنایا گیا آئین بغیر کسی ترمیم کے صرف دو مرتبہ لاگو ہوا، ایک مرتبہ 2010 کے بعد چار سال تک، جبکہ دوسری مرتبہ 1956 سے 1958 تک۔ان کا کہنا تھا کہ زرداری دور میں فوج نے اپنی پالیسیاں تبدیل کر لی تھیں، پاکستان کے پاس ایک ہی وقت میں خطے میں سرگرم تمام دہشت گرد گروہوں سے نمٹنے کی صلاحیت نہیں تھی۔ حنا ربانی کھر نے یہ ماننے سے انکار کر دیا کہ پاکستانی فوج ہی ملک چلا رہی ہے۔ تاہم، انہوں نے تسلیم کیا کہ ماضی میں فوج آئینی حدود سے تجاوز کرتے ہوئے بڑا کردار ادا کرتی آئی ہے۔ سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کسی فوجی اور سویلین حکومت نے ہندوستان کے ساتھ تجارتی تعلقات معمول پر لانے کا عزم نہیں دکھایا تاہم زرداری حکومت نے اس شعبے میں بے پناہ کام کیا، حنا ربانی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو لندن اور واشنگٹن کی بجائے کابل اور دہلی کے ساتھ بہترین تعلقات کی ضرورت ہے۔

TOPPOPULARRECENT