Sunday , December 17 2017
Home / دنیا / امریکہ پاکستان سے حملہ آوروں کیخلاف کارروائی کیلئے پرامید

امریکہ پاکستان سے حملہ آوروں کیخلاف کارروائی کیلئے پرامید

واشنگٹن۔ 5 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کا کہنا ہے کہ وہ پرامید ہے کہ پاکستان پٹھان کوٹ میں بھارتی ایئر بیس پر حملہ کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کرے گا۔ اس سے قبل پاکستان کے دفترِ خارجہ نے کہا تھا کہ اس حملے کے تناظر میں ہندوستانی حکومت سے ملنے والی معلومات پر کام کیا جا رہا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان جان کربی نے پیر کو صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو جنگجو گروپس کو نشانہ بنانا چاہیے۔خیال رہے کہ پٹھان کوٹ میں حملے کی ذمہ داری کشمیری عسکریت پسند گروہوں کے اتحاد یونائیٹڈ جہاد کونسل نے قبول کی ہے جو ہندوستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں برسرِ پیکار ہے۔ پٹھان کوٹ میں ہوئے تازہ حملے کو ہندوستان اور پاکستان کے درمیان حال میں شروع ہونے والی قیام امن کی کوششوں کو متاثر کرنے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ جان کربی نے کہا: ’حکومت پاکستان نے اس معاملے میں پر زور انداز میں آواز اٹھائی ہے اور ہمیں امید ہے کہ جس طرح انھوں نے اس پر بیان دیا ہے وہ اس پر اسی طرح عمل کریں۔ ہم پاکستانی حکومت کی اعلیٰ سطح سے یہ امید کرتے ہیں کہ وہ جنگجو گروپس کو ضرور نشانہ بنائیں۔‘ پٹھان کوٹ پر شدت پسند حملہ ہفتہ کی صبح شروع ہوا تھا جب ہندوستانی فوج کی وردیوں میں ملبوس حملہ آوروں کا ایک گروپ ایئر بیس کے رہائشی علاقے میں گھس آیا تھا۔ حملے اور اس کے بعد سرچ آپریشن کے دوران پانچ حملہ آور اور سات بھارتی فوجی ہلاک ہوئے ہیں جبکہ فوج اب بھی دو ہزار ایکڑ پر پھیلے اس وسیع احاطے میں تلاش اور صفائی کا کام کر رہی ہے۔

TOPPOPULARRECENT