Monday , December 11 2017
Home / دنیا / ’ امریکہ پر رواں سال داعش کے حملوں کا اندیشہ ‘

’ امریکہ پر رواں سال داعش کے حملوں کا اندیشہ ‘

دہشت گرد تنظیم، یوروپ کے بعد امریکہ کو نشانہ بنانے کی منصوبہ سازی میں مصروف: جیمس کلائپر
واشنگٹن ۔ 10 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے سینئر انٹلیجنس عہدیداروں نے کہا ہیکہ اسلامک اسٹیٹ (داعش) کے قائدین اس سال امریکہ پر حملہ کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ ان عہدیداروں نے امریکی قانون سازوں سے کہا کہ پرتشدد انتہاء پسندوں کا ایک چھوٹا گروپ اس قسم کے کسی حملہ کی راہ میں حائل تکنیکی چیلنجوں سے نمٹنے کی کوشش کرسکتا ہے۔ امریکی قومی انٹلیجنس کے ڈائرکٹر جیمس کلائپر نے کانگریس کمیٹی کے اجلاس پر بیان دیتے ہوئے داعش کو ایک ناگزیر دہشت گرد خطرہ قرار دیا۔ کلائپر نے گذشتہ روز کہا کہ ’’یہ عسکریت پسند گروپ دنیا بھر میں کئی نشانوں پر راست حملے کرسکتا ہے یا دوسروں کو اس کی ترغیب دے سکتا ہے‘‘۔ دفاعی انٹلیجنس ایجنسی کے ڈائرکٹر میرین لیفٹننٹ جنرل ونسنٹ اسٹیوارت نے کہا کہ داعش غالباً یوروپ میں ابتدائی حملے کرے گی اور اس کے بعد امریکہ میں بھی یہی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی انٹلیجنس ایجنسیاں سمجھتی ہیں کہ آئی ایس قائدین اب محض تنہاء حملہ آوروں کی حوصلہ افزائی کرنے کے بجائے حملوں کی راست ہدایات دینے کی سرگرمیوں میں ملوث ہوں گے۔ کلائپر نے کہا کہ القاعدہ جس سے داعش کا وجود عمل میں آیا، ہنوز ایک دشمن ہے اس کے علاوہ چین، روس اور شمالی کوریا سے لاحق سائبر خطرات پر بھی امریکہ بدستور نظر رکھے گا۔ شمالی کوریا اپنے نیوکلیئر پروگرام کو وسعت دے رہا ہے۔ شمالی کوریا نے یورینیم افزودگی کی تنصیبات میں توسیع کی ہے اور پلوٹونیم کا ایک ری ایکٹر بھی شروع کیا ہے جس سے چند مہینوں یا ہفتوں میں نیوکلیئر کاسلحہ کیلئے مواد تیار کیا جاسکتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT