Friday , May 25 2018
Home / دنیا / امریکہ کا رائٹرز کے صحافیوں کی رہائی کا مطالبہ

امریکہ کا رائٹرز کے صحافیوں کی رہائی کا مطالبہ

اقوام متحدہ ؍ ینگون۔ 16 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے میانمار میں گرفتار کئے گئے رائٹرکے دو صحافیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ امریکہ کے وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے کل کہا کہ میانمار میں گرفتار رائٹر کے دو صحافیوں کو وہاں کی حکومت کو فوری طور پر رہا کرنا چاہئے ۔صحافیوں کی رہائی کا مطالبہ کرنے والوں میں اقوام متحدہ، برطانیہ، سویڈن اور بنگلہ دیش کے ساتھ امریکہ بھی شامل ہو گیا ہے۔ان ممالک نے اس گرفتاری کی سخت مذمت کی ہے ۔غور طلب ہے کہ صحافی و لون (31) اور کوا سوئے او (27) کو منگل کو ینگون میں پولیس حکام کے ساتھ رات کے کھانے پر مدعو کیا گیا تھا، اس کے بعد سے دونوں لاپتہ ہیں۔ دونوں صحافی راکھین صوبے میں روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ ہو نے والے تشدد کے واقعات پر کام کر رہے تھے ۔میانمار کی وزارت اطلاعات نے ایک بیان میں کہا ہے کہ رائٹر کے صحافیوں نے غیر قانونی طریقے سے معلومات اکٹھا کیں تاکہ اسے غیر ملکی میڈیا میں تقسیم کیا جاسکے۔ وزارت نے بیان کے ساتھ ایک تصویر بھی جاری کی ہے جس میں صحافیوں کو ہتھکڑیاں لگی ہوئی ہیں۔قابل ذکر ہے کہ میانمار کے صوبہ راکھین میں روہنگیائی اقلیتوں کے خلاف گزشتہ 25 اگست سے شروع ہوئے تشدد کی وجہ سے جان بچا کر چھ لاکھ 26 ہزار سے زیادہ لوگ بنگلہ دیش میں پناہ لئے ہوئے ہیں۔اس سے پہلے امریکہ کے وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے میانمار فوج کی طرف سے روہنگیا کے خلاف کی جا رہی کارروائی کو ’نسلی قتل عام‘ قرار دیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ امریکہ تشدد کرنے والوں پر پابندی لگانے پر غور کر رہا ہے۔اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے صحافیوں کی گرفتاری کو میانمار میں پریس کی آزادی پر خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں کی رہائی کیلئے بین الاقوامی برادری کو ہر ممکن قدم اٹھانا چاہئے ۔

TOPPOPULARRECENT