Tuesday , August 14 2018
Home / شہر کی خبریں / امریکہ کی تمام ریاستوں میں ہندوستانی کمپنیاں، 17.9 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری

امریکہ کی تمام ریاستوں میں ہندوستانی کمپنیاں، 17.9 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری

ایک لاکھ 13 ہزار 423 ملازمتوں کی فراہمی ، کانفیڈریشن آف انڈین انڈسٹریز کی سروے رپورٹ میں انکشاف
حیدرآباد۔15نومبر(سیاست نیوز) ہندستان میں امریکی سرمایہ کاری اور کمپنیوں کے قیام کے متعلق اب تک متعدد رپورٹس موصول ہوتی رہی ہیں لیکن GES-2017 سے عین قبل کانفڈریشن آف انڈین انڈسٹری نے امریکہ میں ہندستانی تاجرین کی سرمایہ کاری اور ملازمتوں کی فراہمی کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے رپورٹ جاری کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ امریکہ کی تمام ریاستوں میں 100 ہندستانی کمپنیاں موجود ہیں جن کی جملہ سرمایہ کاری 17.9 بلین ڈالر تک پہنچ چکی ہیں اور یہ کمپنیاں 1لاکھ 13 ہزار 423 ملازمتیں فراہم کر رہی ہیں جو کہ امریکی معیشت کو مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کرنے کے مترادف ہے۔ کانفڈریشن آف انڈین انڈسٹریزنے امریکی ریاستوں میں ہندستانی کمپنیو ںکی سرمایہ کاری اور ملازمتوں کی فراہمی کے متعلق تفصیلی سروے رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ امریکی ریاست نیو جرسی‘ ٹیکساس‘ کیلیفورنیا‘ نیو یارک اور جارجیا ایسی 5ریاستیں ہیں جہاں ہندستانیوں کی سب سے زیادہ سرمایہ کاری ہے۔ رپورٹ کے مطابق نیو جرسی میں ہندستانی کمپنیوں نے 8ہزار 572 ملازمتیں فراہم کی ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر ٹیکساس ہے جہاں ہندستانیوں نے 7ہزار 271 ملازمتیں فراہم کی ہوئی ہیں اسی طرح کیلیفورنیا میں 6ہزار 749 ملازمتیں ہندستانی کمپنیوں کی جانب سے فراہم کی گئی ہیں ‘ نیو یارک میں 5ہزار 135 ملازتیں ہندستانی کمپنیاں فراہم کر رہی ہیں اور جارجیا میں 4ہزار554 ملازمتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔سرکامایہ کاری کے متعلق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہندستانی کمپنیو ںکی سب سے زیادہ سرمایہ کاری امریکی ریاست نیویارک میں کی گئی ہے جہاں 1.57بلین ڈالر سرمایہ کاری ہے ۔اس کے بعد دوسرے نمبرپر نیو جرسی ہے جہاں 1.56 بلین ڈالر سرمایہ کاری کی گئی ہے ‘تیسرے نمبرامریکی ریاست ماسیچیوٹس ہے جہاں 931 ملین ڈالر ہندستانی سرمایہ کاری ہے۔چوتھے نمبر پر کیلیفورنیا ہے جہاں ہندستانی سرمایہ کاری 542ملین ڈالر تک پہنچ چکی ہے اور پانچویں نمبر پر ویومنگ ہے جہاں 435 ملین امریکی ڈالر سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی ہے۔کانفڈریشن آف انڈین انڈسٹریز نے رپورٹ میں اس بات کا انکشاف کیا ہے کہ امریکہ کی تمام ریاستوں میں مجموعی اعتبار سے دیکھا جائے تو ہر ریاست میں 187 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔جو کمپنیاں امریکہ میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں ان میں 85فیصد کمپنیو ںکی جانب سے اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ وہ ان کمپنیوں کے ذریعہ امریکہ میں مزید سرمایہ کاری کو یقینی بنا سکیں۔اسی طرح 87 فیصد ہندستانی کمپنیوں نے آئندہ 5برسوں کے دوران مزید ملازمتوں کی گنجائش پیدا کرنے اور ملازمتوں کی فراہمی کو ممکن بنانے کی حکمت عملی تیار کر رکھی ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ آئندہ چند یوم کے دوران سی آئی آئی کی جانب سے اس سلسلہ میں مزید تفصیلات کا انکشاف کیا جائے گا۔امریکہ میں تجارتی کو فروغ دے رہی ان 100 کمپنیو ںکے سروے کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ ان کمپنیو ںنے مقامی سطح پر 1لاکھ 13ہزار 423 ملازمتوں کی فراہمی کے ذریعہ ایک ریکارڈ قائم کیا ہے جس کے دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات میں مزید استحکام پیدا ہونے کے قوی امکانات ہے اور کہا جا رہاہے کہ امریکہ میں ہندستانی سرمایہ کاری کے روشن مستقبل کے سبب ہندستانی سرمایہ کار امریکہ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی دکھا رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT