Saturday , December 16 2017
Home / دنیا / امریکہ کے ارب پتی افراد کی فہرست میںڈونالڈ ٹرمپ کی تنزلی

امریکہ کے ارب پتی افراد کی فہرست میںڈونالڈ ٹرمپ کی تنزلی

نیویارک۔18 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) ڈونالڈ ٹرمپ کے امریکی صدر بننے کے بعد سے ان کے اثاثوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک انہیں 60 کروڑ ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے۔امریکی جریدے فوربس نے 400 امیر ترین امریکی شخصیات کی 36 ویں سالانہ فہرست جاری کی ہے جس کے مطابق امریکی صدر اور ریئل اسٹیٹ ٹائیکون ڈونالڈ ٹرمپ کے اثاثوں میں ایک سال کے اندر 60 کروڑ ڈالر کی نمایاں کمی ہوئی ہے۔ 400 افراد پر مشتمل فہرست میں ڈونالڈ ٹرمپ 92 درجے تنزلی کے بعد 248 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں اور ان کے اثاثوں کی مالیت 3.1 ارب ڈالر ہے۔رپورٹ کے مطابق 2016 میں ٹرمپ اس فہرست میں 156 ویں نمبر پر تھے۔ فوربس کے مطابق نیویارک میں ریئل اسٹیٹ کے کاروبار میں آنے والی مندی اور انتخابی مہم کے دوارن آنے والے اخراجات کی وجہ سے ٹرمپ کے اثاثوں میں کمی واقع ہوئی۔فہرست میں جگہ بنانے والی دیگر شخصیات میں مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس بھی شامل ہیں جو مسلسل 24 ویں بار پہلے نمبر پر آئے ہیں۔ بل گیٹس کے اثاثوں کا مجموعی حجم 89 ارب ڈالر بتایا گیا ہے جب کہ دوسرے نمبر پر ایمازون کے سربراہ جیف بیزوس ہیں جن کے اثاثے 81.5 ارب ڈالر ہیں۔ تیسرے نمبر پر وارین بوفے (78 ارب ڈالر) اور چوتھے نمبر پر فیس بک کے بانی مارک زکربرگ ہیں جن کے اثاثوں کی مالیت 71 ارب ڈالر ہے۔فوربس کے مطابق اس سال فہرست میں شامل 400 افراد کے مجموعی اثاثوں کی مالیت ریکارڈ 27 کھرب ڈالر بنتی ہے جو 2016 میں 24 کھرب ڈالر تھی۔ اس سال فہرست میں 22 نئی شخصیات بھی شامل ہوئی ہیں جبکہ مجموعی طور پر فہرست میں صرف 50 خواتین موجود ہیں۔ فہرست میں جگہ بنانے کیلئے کم ازکم اثاثے 2 ارب ڈالر ہونے چاہئیں۔

TOPPOPULARRECENT