Wednesday , November 22 2017
Home / دنیا / امریکہ کے صدر اوباما ہیں ، ٹرمپ نہیں : کیتھ واز

امریکہ کے صدر اوباما ہیں ، ٹرمپ نہیں : کیتھ واز

امریکہ میں مسلمانوں کے داخلہ پر امتناع کے مطالبہ پر ردعمل
لندن ۔ 25 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : ہندوستانی نژاد برطانوی رکن پارلیمان کیتھ واز نے ان بیانات کی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا ہے جہاں مسلمانوں کے امریکہ میں داخلہ پر امتناع کی بات کہی جارہی ہے کیوں کہ لندن سے ملنے والی خبروں کے مطابق گیارہ افراد پر مشتمل ایک مسلمان خاندان کو لاس اینجلس جانے والے ایک طیارہ پر سوار ہونے سے روک دیا گیا ۔ برطانیہ کا امریکہ سے ویزا کے بغیر برطانوی شہریوں کا امریکہ کا سفر کرنے کے لیے جو معاہدہ ہوا تھا اس کی شدید خلاف ورزی کرتے ہوئے اب 20 برطانوی مسلمان خاندانوں کو امریکہ میں داخلہ سے روک دیا گیا ہے ۔ کیتھ واز جو انتہائی با رسوخ دارالعوام کی داخلی امور کمیٹی کے صدر نشین بھی ہیں ، نے کہا کہ برطانیہ سے آنے والے کچھ خاندان اگر مسلمان ہیں تو کیا انہیں امریکہ آنے سے روک دیا جائے گا ۔ ہمارے لیے تمام برطانوی شہری یکساں ہیں ۔ مسلمان خاندانوں کو امریکہ میں داخلہ نہ دینے کی کوئی مناسب وجہ یا وضاحت بھی نہیں کی گئی ۔ اس سلسلہ میں انہوں نے اب امریکی سفیر کو مکتوب تحریر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اگر اس کے بعد بھی کوئی مناسب اقدامات نہیں کئے گئے تو وہ کمیٹی سے سفارش کریں گے کہ وہ امریکی سفیر سے ثبوت طلب کریں ۔ ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے مسلمانوں کے امریکہ میں داخلے پر پابندی کے متنازعہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈونالڈ امریکہ کے صدر نہیں ہیں بلکہ بارک اوباما امریکہ کے صدر ہیں ۔ یاد رہے کہ 41 سالہ محمد طارق محمود جو برطانوی شہری ہیں ، ان کے بھائی اور بچوں کو جن کی عمریں 8 تا 19 سال کے درمیان ہیں کو امریکہ کا سفر کرنے سے رک دیا گیا تھا جب کہ اس کی کوئی مناسب وجہ نہیں بتائی گئی ۔۔

TOPPOPULARRECENT