Friday , December 15 2017
Home / دنیا / امریکی اٹارنی جنرل جیف سیشنز کے استعفیٰ کا مطالبہ

امریکی اٹارنی جنرل جیف سیشنز کے استعفیٰ کا مطالبہ

واشنگٹن، 3مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے ڈیموکریٹک ارکان نے امریکہ کے اٹارنی جنرل جیف سیشنز سے کہا ہے کہ نومبر کے صدارتی انتخابات میں روسی مداخلت سے متعلق ہونے والی تحقیقات سے یا تو وہ خود کو الگ کر لیں یا مستعفی ہو جائیں۔یہ مطالبہ ان خبروں کے بعد کیا گیا کہ جیف سیشنز نے امریکہ میں روس کے سفیر سے ملاقاتیں کی تھیں۔ سیشنز نے صدارتی انتخاب کی مہم کے دوران ڈونالڈ ٹرمپ کی حمایت کی تھی اور انہوں نے امریکی سینیٹ کا رکن ہوتے ہوئے انتخابی مہم کے لیے ٹرمپ کے مشیر کے طور پر خدمات بھی انجام دیں۔ امریکی محکمہ انصاف کے سربراہ کے طور پر نامزد ہونے کے بعد جنوری میں اپنی توثیق سے متعلق ہونے والی سماعت کے دوران سیشنز نے ایک سوال کے جواب کہا تھا کہ مہم کے دوران ایک یا دو بار یہ کہا گیا تھا کہ میں نے کسی کی نمائندگی کی تھی، لیکن میرا روس کے کسی عہدیدار کے ساتھ کسی طرح، کسی طرح کا بھی رابطہ نہیں تھا۔ گزشتہ سال جولائی میں سیشنز نے ریپبلکن نیشنل کنونشن کی ایک تقریب کے موقع پر روسی سفیر سرگئی کسلیاک سے ملاقات کی تھی اور دوبارہ انہوں نے کپٹل ہل میں اپنے دفتر میں ان سے ملاقات کی تھی۔محکمہ انصاف کی ترجمان سارہ سگر فلورس نے کہا کہ سیشنز کے اپنی توثیق کے دوران حلفیہ بیان میں ’قطعی طور پر کوئی غلط بات نہیں ہے ‘۔ سماعت کے دوران (صدراتی انتخاب کی) مہم کے دوران ٹرمپ اور روس کے درمیان رابطہ کے بارے میں پوچھا گیا تھا نا کہ ان ملاقاتوں کے بارے میں جو انھوں نے بطور سینیٹر اور آرمڈ سروسز کمیٹی کے رکن کے طور پر کی تھیں۔ سیشنز کی طرف سے بعد ازاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ انہوں نے کبھی بھی مہم کے معاملات پر بات کرنے کے لیے کسی بھی روسی عہدیدار سے ملاقات نہیں کی تھی۔

TOPPOPULARRECENT