Friday , November 24 2017
Home / دنیا / امریکی سینیٹرس کی آسیہ بی بی کی رہائی کیلئے قرار داد

امریکی سینیٹرس کی آسیہ بی بی کی رہائی کیلئے قرار داد

واشنگٹن ۔ 5 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : دو اعلیٰ سطحی امریکی سینیٹرس نے امریکی سینیٹ میں ایک قرار داد متعارف کی ہے جس کے تحت پاکستان پر زور دیا گیا ہے کہ وہ توہین رسالتؐ کے قانون کی خلاف ورزی کرنے پر جیل کی سزا کاٹنے والی عیسائی خاتون آسیہ بی بی کو رہا کردے ۔ سینیٹرس رینڈپال اور کریس کونس نے کل قرار داد کو متعارف کروایا جہاں پاکستان سے آسیہ نورین کی رہائی کی خواہش کی گئی ۔ جسے عام طور پر آسیہ بی بی کے نام سے جانا جاتا ہے ۔ آسیہ بی بی کا تعلق صوبہ پنجاب کے ننکانہ علاقہ سے ہے اور وہ پانچ بچوں کی ماں ہے ۔ 2009 میں توہین رسالتؐ کی مرتکب آسیہ بی بی کو 2010 میں سزائے موت سنائی گئی تھی اور اس وقت سے آج تک وہ جیل میں قید و بند کی صعوبتیں جھیل رہی ہے ۔ بہر حال بین الاقوامی سطح پر جب سزائے موت کے خلاف آواز اٹھائی گئی تو پاکستان کی سپریم کورٹ نے پھانسی کی سزا کو ملتوی کردیا ۔ سینیٹرس نے پاکستان سے یہ خواہش بھی کی کہ ملک کی اقلیتوں کو نشانہ بنانے والے قوانین میں اصلاحات کا نفاذ کیا جائے ۔ مسٹر پال نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ حکومت پاکستان آسیہ بی بی کو فوری رہا کرے اور عیسائیوں کے علاوہ ملک کی دیگر اقلیتوں کے ساتھ کیے جانے والے امتیازی سلوک کا سلسلہ بند کرے ۔

TOPPOPULARRECENT