Friday , December 15 2017
Home / دنیا / امریکی فوج کو شمالی کوریا کیخلاف ہر دم تیار رہنے کی ہدایت

امریکی فوج کو شمالی کوریا کیخلاف ہر دم تیار رہنے کی ہدایت

واشنگٹن ۔ 28اکتوبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی نائب صدر مائیک پینس نے کہا کہ ہم اپنے ملک کے دفاع کے لیے ہردم تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ اگر امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو دفاع پر مجبور کیا گیا تو اپنی حفاظت کے لیے ہر آپشن استعمال کریں گے۔ نارتھ ڈکوٹا ایئر بیس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شمالی کوریا کا نیوکلئیر پروگرام ختم کرنے کے لئے امریکہ اپنا دباؤ برقرار رکھے گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے بھی شمالی کوریا کو جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے لیے مہم سے دستبردار نہ ہونے پر مکمل طور پر تباہ کرنے کی دھمکی دی گئی تھی۔ دوسری جانب امریکہ کی مسلح فوج کے سربراہ جیمز میٹس نے شمالی کوریا کو خبردار کیا ہے کہ پیانگ یانگ جوہری ہتھیاروں کے ذریعے ہمیں تباہ کرنے کی دھمکیاں دینا بند کرے۔ امریکی جنرل جیمز میٹس نے جنوبی کوریا کے وزیر دفاع سانگ یانگ مو کے ہمراہ شمالی کوریا کی سرحد سے کچھ فاصلے پر واقع غیر مسلح زون کا دورہ کیا۔ اس موقع پر جنرل جیمز میٹس نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جانگ اُن کی حکومت کو جارحانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنانگ یانگ اپنے لوگوں کے ساتھ برا برتاؤ کرتا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ شمالی کوریا کے ہمسائے میں جنوبی کوریا واقع ہے جس نے اپنے لوگوں کے لیے جمہوریت کو ترجیح دی ہے۔جیمز میٹس نے کہا کہ ہمارا مقصد جنگ نہیں بلکہ جزیرہ نما کوریا کو مکمل اور ناقابل واپسی غیرنیوکلیئر خطہ بنانا ہے۔

شمالی کوریا تنازعہ، امریکہ روس سے مدد کا خواہش مند
واشنگٹن۔ 28اکتوبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) چین کی جانب سے سردمہری پر اب واشنگٹن انتظامیہ شمالی کوریا کے معاملے میں روس سے مدد طلب کر رہی ہے۔ امریکی مندوب برائے شمالی کوریا جوزف یون نے کہا ہے کہ روس اس معاملے میں کارآمد سفارتی کردار ادا کر سکتا ہے۔ روس کو چاہیے کہ وہ امریکہ، چین، جاپان اور شمالی کوریا کے ساتھ ایک یکجا پیغام شمالی کوریا کو بھیجے کہ واشنگٹن حکومت شمالی کوریا میں حکومت کی تبدیلی نہیں بلکہ تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کا انسداد چاہتی ہے۔ دوسری جانب امریکی محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ شمالی کوریا کے ساتھ تجارت کرنے والے تمام ممالک اور کمپنیوں کو امریکی پابندیوں کا نشانہ بنایا جائے گا۔

 

 

TOPPOPULARRECENT