Tuesday , December 12 2017
Home / Top Stories / امریکی لڑکی سے شادی کرنے محمد اظہرالدین کی تردید

امریکی لڑکی سے شادی کرنے محمد اظہرالدین کی تردید

٭   اظہر اور شانن میری 2013ء میں پیرس میں پہلی مرتبہ دیکھے گئے
٭  اظہرالدین نے نورین اور ماڈل اداکارہ سنگیتا بجلانی سے شادیاں کیں
٭  اپنے ڈرائیور جان محمد کے انتقال پر پسماندگان سے اظہار ِتعزیت
کے دوران شانن میری برقعہ میں دیکھی گئیں
٭  مراٹھی اخبار کے رپورٹر کے استفسار پر اظہرالدین نے برقعہ پوش
لڑکی شانن میری کو اپنی اہلیہ بتایا

تیسری شادی سے متعلق میڈیا رپورٹس غیردرست و بے بنیاد ، ٹوئٹر پر سابق کرکٹ کپتان کا بیان

حیدرآباد۔ 20 ڈسمبر (سیاست نیوز) سابق ہندوستانی کرکٹ کپتان محمد اظہرالدین نے آج اِن اطلاعات کی تردید کی کہ انہوں نے تیسری شادی کی ہے۔ انہوں نے ٹوئٹر پر اپنا تردیدی بیان پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ میری تیسری شادی سے متعلق خبریں غیردرست اور بے بنیاد ہیں۔ براہ کرم کوئی بھی خبر شائع کرنے سے قبل حقائق کا پتہ چلائیں۔ اِن کی یہ تردید میڈیا کے ایک گوشہ میں اس رپورٹ کی اشاعت کے بعد آئی کہ سابق حیدرآبادی کرکٹر نے ایک امریکی شہری اپنی دوست شانن میری سے شادی کرلی ہے۔ مراٹھی روزنامہ ’’مہاراشٹرا ٹائمس‘‘ میں شائع رپورٹ کے مطابق محمد اظہرالدین شانن کو اپنی اہلیہ کے طور پر متعارف کرایا۔ مراٹھی اخبار کے رپورٹر نے جب ان سے پوچھا کہ ان کے ہمراہ جو برقعہ پوش لڑکی ہے، وہ کون ہے؟ تو انہوں نے اس لڑکی کو اپنی بیوی بتایا۔ واضح رہے کہ اظہرالدین نے اپنے ڈرائیور جان محمد کی انتقال کے بعد ممبئی میں ہفتہ کے دن پسماندگان سے تعزیت کیلئے پہونچے تو ان کے ہمراہ شانن میری بھی تھی۔ جان محمد کا حالیہ دنوں انتقال ہوا تھا۔ 52 سالہ کرکٹر کو آئی پی ٹی ایل میچس کے دوران شانن کے ساتھ دیکھا گیا تھا۔ محمد اظہرالدین اور شانن کو پہلی مرتبہ 2013ء میں پیرس (فرانس) میں دیکھا گیا تھا۔ اظہرالدین نے اس سے پہلے دو شادیاں کی تھیں۔ اُن کی پہلی بیوی حیدرآباد لڑکی نورین تھیں ۔نورین سے علیحدگی کے بعد انہوں نے بالی ووڈ ماڈل و اداکارہ سنگیتا بجلانی سے 1996ء میں شادی کی تھی ۔ 2010ء میں سنگیتا بجلانی سے بھی علیحدگی ہوگئی۔ ایک سال بعد ان کے 19 سالہ فرزند محمد ایاز الدین حیدرآباد میں آوٹر رِنگ روڈ پر ایک سڑک حادثہ میں ہلاک ہوگئے ۔ محمد اظہرالدین کی زندگی مختلف مرحلوں میں مسائل سے دوچار رہی۔ 2000ء میں میچ فکسنگ کے الزامات کے باعث ان پر ’’تاحیات پابندی ‘‘ عائد کردی گئی تھیں۔بعدازاں 2012ء میں عدالت نے ان کے کیریئر پر پابندی کو ہٹا لیا تھا۔ وہ 2009ء میں کانگریس کے ٹکٹ پر اترپردیش کے حلقہ مراد آباد سے رکن پارلیمان بھی منتخب ہوئے تھے لیکن گزشتہ سال 2014ء لوک سبھا انتخابات میں راجستھان کے ٹونک ساوی مادھوپور حلقہ سے انہیں شکست ہوگئی تھی۔ ان کی زندگی پر مبنی ہندی فلم ’’اظہر‘‘ تیاری کے مراحل میں ہے جس میں بالی ووڈ اداکارعمران ہاشمی سابق کرکٹر اظہرالدین کا رول ادا کررہے ہیں۔ ہندوستانی کرکٹ کیلئے انہوں نے 99 ٹسٹ اور 334 ونڈے کھیلے ہیں۔  وہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے بہترین کپتانوں میں سے ایک رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT