Tuesday , December 12 2017
Home / شہر کی خبریں / امریکی ویزوں کی اجرائی میں حیدرآباد کو عالمی سطح پر چوتھا مقام

امریکی ویزوں کی اجرائی میں حیدرآباد کو عالمی سطح پر چوتھا مقام

ایک سال میں 32 فیصد کا اضافہ ، امریکی قونصل جنرل متعینہ حیدرآباد جنرل مائیکل مولینس کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ /7 اکٹوبر (سیاست نیوز) امریکی ویزوں کی اجرائی میں امریکی قونصل خانہ حیدرآباد دنیا بھر میں چوتھے نمبر پر پہونچ چکا ہے ۔ امریکی قونصل جنرل  متعینہ حیدرآباد جنرل مائیکل مولینس نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک برس کے دوران امریکی ویزوں کی اجرائی میں 32 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ حیدرآباد میں ایک سال کے دوران 40 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف کورسیس میں مہارت حاصل کرنے اور اعلیٰ تعلیم کیلئے امریکہ کا رخ کرنے والے طلبہ کی تعداد میں زبردست اضافہ دیکھا جارہا ہے ۔ مسٹر مائیکل مولینس یونائیٹیڈ اسٹیٹس انڈیا ایجوکیشن فاؤنڈیشن ۔ ایجوکیشن یو ایس اے کی جانب سے منعقدہ یونیورسٹی فیر کی افتتاحی تقریب کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کررہے تھے ۔ ان کے ہمراہ علاقائی مشیر برائے یو ایس آئی ای ایف مسز عشرت جہاں بھی موجود تھیں ۔ امریکی قونصل جنرل نے بتایا کہ امریکہ میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند نوجوانوں کیلئے کئی مواقع موجود ہے اور ہندوستانی طلبہ انجنیئرنگ کے علاوہ بزنس منیجمنٹ و دیگر شعبہ جات میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے امریکہ کا رخ کررہے ہیں ۔ انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ امریکن تعلیم کے حصول کے لئے جانے والے طلبہ کو ویزوں کی اجرائی میں امریکی قونصل خانہ حیدرآباد کی جانب سے ویزا کی اجرائی میں طلبہ کی دلچسپی اور ان کے فیس کی ادائیگی کے وسائل پر توجہ دی جاتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ امریکہ میں کمیونٹی کالجس بھی خدمات انجام دے رہے ہیں جہاں دو سالہ ڈگری کورس وغیرہ موجود ہے ۔ علاوہ ازیں امریکہ کی مختلف یونیورسٹیز میں داخلوں کیلئے ہندوستانی طلبہ کی رہنمائی کی غرض سے یو ایس آئی ای ایف کی جانب سے مراکز خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ حیدرآباد میں بھی یہ مرکز موجود ہے جو طلبہ کو امریکی یونیورسٹیز میں داخلوں کیلئے رہنمائی کرتا ہے ۔ مسٹر مائکل مولینس نے بتایا کہ امریکہ میں 4 ہزار 500 ایسے ادارے ہیں جنہیں عالمی معیاری اداروں میں شمار کیا جاتا ہے جہاں مختلف کورسیس موجود ہیں ۔ انہوں نے اوپن ڈورس کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2013-2014 ء کے دوران 1,02673 طلبہ امریکہ میں تعلیم حاصل کررہے تھے ۔ مسز عشرت جہاں نے بتایا کہ امریکہ میں تعلیم حاصل کرنیکے خواہشمند طلبہ کی رہنمائی کیلئے خدمات انجام دے رہے مراکز کے ذریعہ نوجوان صحیح رہنمائی حاصل کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ امریکہ میں انجنیئرنگ کے علاوہ دیگر کئی کورسیس موجود ہیں جن سے طلبہ استفادہ کرسکتے ہیں ۔ یو ایس آئی ای ایف و امریکی قونصل خانہ حیدرآباد کی جانب سے منعقدہ یونیورسٹی فیر میں مختلف یونیورسٹیز کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ اس فیر میں یونیورسٹی میں موجود مختلف کورسیس کی تفصیل وغیرہ سے طلبہ کو واقف کروایا گیا ۔

TOPPOPULARRECENT