Thursday , June 21 2018
Home / کھیل کی خبریں / امپائروں نے بہتر خدمات انجام دیں: نیتھن لیون

امپائروں نے بہتر خدمات انجام دیں: نیتھن لیون

ملبورن۔ 22؍دسمبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی بھلے ہی آسٹریلیا کے خلاف رواں سیریز میں امپائروں کی خدمات سے مطمئن نہ ہوں، لیکن آسٹریلیائی آف اسپنر نیتھن لیون سمجھتے ہیں کہ میدان پر موجود کرکٹ کے عہدیداروں نے بہتر خدمات انجام دی ہیں۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم رواں سیریز میں شکست کے دہانے پر ہے اور میزبان ٹیم کے خلاف کھیلے گئے ابتدائی دو مقابلوں میں اسے ناکامی بھی ہوئی ہے جس میں امپائروں کے کچھ فیصلے متنازعہ بھی رہے ہیں جس پر مہندر سنگھ دھونی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ امپائرنگ میں بہتری کی گنجائش موجود ہے۔ دوسری جانب لیون نے امپائروں کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ شخصی طور پر سمجھتے ہیں کہ امپائروں نے بہتر خدمات انجام دی ہیں۔ لیون کے بموجب ہندوستان کے لئے یہ کافی سخت وقت رہا ہے، خاص طور پر ایڈیلیڈ میں جہاں کی وکٹ ان کے لئے کافی مشکل تھی۔ لیون کے بموجب اس مقابلہ میں امپائروں نے چند بڑے فیصلے کئے جن میں چند فیصلوں کا ہندوستان کو اور چند فیصلوں کا آسٹریلیا کو فائدہ ہوا ہے۔ لیون نے متنازعہ ڈی آر ایس کی رواں سیریز میں عدم موجودگی پر محتاط رویہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس نظام کو سیریز کے دوران استعمال کیا جاتا تو دونوں ہی ٹیموں کا موقف ایک جیسا ہی ہوتا۔ انھوں نے مزید کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ ڈی آر ایس کے وہ مخالف نہیں، لیکن یہ نظام کرکٹ کے لئے بہتر ہے۔ لیون کے بموجب وہ ڈی آر ایس کے حامی بھی ہیں، کیونکہ جب دونوں ٹیمیں اس نظام کے استعمال پر راضی ہوتی ہیں تو دونوں ٹیموں کا موقف یکساں ہوتا۔ نیتھن لیون نے مزید کہا کہ ٹسٹ کرکٹ میں اس طرح کے حالات ہوتے ہیں اور یہ ہی اس کھیل کاحصہ ہے۔

TOPPOPULARRECENT