Saturday , November 18 2017
Home / کھیل کی خبریں / امپائر کے فیصلے پر اعتراض ویسٹ انڈیز کے کوچ پر جرمانہ

امپائر کے فیصلے پر اعتراض ویسٹ انڈیز کے کوچ پر جرمانہ

ڈومینکا۔16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ویسٹ انڈیز ٹیم کے کوچ اسٹورٹ لا پر میچ فیس کا 25فیصد جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ ایک منفی نشان بھی دے دیا۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ڈومینیکا میں کھیلے گئے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹسٹ کے پانچویں دن ویسٹ انڈیز کے کوچ آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے مرتکب قرار پائے اور انہوں نے امپائر کے فیصلے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے غلط زبان بھی استعمال کی۔واقعہ اس وقت رونما ہوا جب میچ کے پانچویں دن دوسرے سیشن کے دوران امپائر نے ویسٹ انڈیز کے بیٹسمین  شین ڈاؤرچ کو آؤٹ دیا اور ویسٹ انڈیز کے ریویو لینے پر بھی تھرڈ امپائر نے فیلڈ امپائر کے فیصلے کو برقرار رکھا۔فیصلے پر کوچ فوراً تھرڈ امپائر کے کمرے میں گئے اور وہاں جا کر ان سے پوچھا کہ انہوں نے ڈاؤرچ کو آؤٹ کیوں قرار دیا اور پھر کمرے سے باہر نکلنے سے قبل غلط زبان بھی استعمال کی۔میچ کے بعد اسٹورٹ لا نے اپنی غلطی تسلیم کی اور میچ ریفری کرس براڈ کی جانب سے دی گئی سزا کو تسلیم کر لیا جس کے بعد باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

TOPPOPULARRECENT