Wednesday , September 26 2018
Home / Top Stories / امیتابھ کی ٹوئٹر پر کانگریس سے یکایک دلچسپی پر حیرانی!

امیتابھ کی ٹوئٹر پر کانگریس سے یکایک دلچسپی پر حیرانی!

نئی دہلی ، 22 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سوپر اسٹار امیتابھ بچن نے حالیہ عرصے میں سوشل نٹ ورکنگ سائٹ ’’ٹوئٹر‘‘ پر بعض سینئر کانگریس قائدین کو ’’فالو‘‘ کرنا شروع کیا ہے، جس پر اس پارٹی میں اُن کی یکایک دلچسپی کے بارے میں قیاس آرائی چھڑگئی ہے، جس سے کبھی وہ بہت قریب تھے اور بعد میں اُس سے دوری اختیار کرلی تھی۔ صدر کانگریس راہول گاندھی اور اس پارٹی کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر توجہ دینے کے بعد وہ سینئر پارٹی قائدین جیسے پی چدمبرم، کپل سبل، احمد پٹیل، اشوک گہلوٹ، اجئے ماکن، جیوتیر ادتیہ سندھیا، سچن پائلٹ اور سی پی جوشی کو بھی رواں ماہ سے ’’فالو‘‘ کرنے لگے ہیں۔ انھوں نے حال میں دیگر کانگریس قائدین جیسے منیش تیواری، شکیل احمد، سنجے نروپم، رندیپ سرجے والا، پرینکا چترویدی اور سنجے جھا کی بھی ٹوئٹر سرگرمی سے بھی خود کو آگاہ رکھنا شروع کیا ہے۔ امیتابھ بچن جو کبھی نہرو۔ گاندھی فیملی سے بہت قریب تھے اور آنجہانی سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کے دوست بھی رہے، موجودہ طور پر گجرات کے برانڈ ایمبیسڈر ہیں۔ ٹوئٹر پر اُن کے زائد از 33.1 ملین ’فالوورس‘ ہیں اور وہ صرف 1,689 افراد کو ’فالو‘ کرتے ہیں۔ کانگریس اور بعض دیگر اپوزیشن قائدین سے اُن کی یکایک دلچسپی نے سوشل میڈیا کو حیرت میں مبتلا کردیا ہے۔ بعض دیگر اپوزیشن قائدین جن کو سینئر ایکٹر نے حالیہ عرصے میں ’فالو‘ کرنا شروع کیا ہے، ان میں آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد، اُن کی بیٹی میسا بھارتی، جے ڈی (یو) کے نتیش کمار، سی پی آئی۔ ایم کے سیتارام یچوری شامل ہیں۔ وہ آر جے ڈی کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل، نیشنل کانفرنس کے عمر عبداللہ اور این سی پی کی سپریا سولے کو بھی ’فالو‘ کرتے ہیں۔
عام آدمی پارٹی کے جن قائدین سے امیتابھ بچن کی حالیہ عرصے میں دلچسپی دکھائی دی، وہ منیش سیسوڈیا، گوپال رائے، سنجے سنگھ، کمار وشواس اور آشیش کھیتان ہیں۔ سوپراسٹار کئی بی جے پی قائدین کو بھی ’فالو‘ کرتے ہیں۔ حالیہ دنوں میں وہ مرکزی وزراء نتن گڈکری اور سریش پربھو کے ٹوئٹس میں دلچسپی لینے لگے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT