Friday , November 16 2018
Home / Top Stories / امیت شاہ نے بی جے پی کارکنوں کو مایوس کردیا،گھنٹوں انتظار کے باوجود مخاطب کیے بغیر روانہ

امیت شاہ نے بی جے پی کارکنوں کو مایوس کردیا،گھنٹوں انتظار کے باوجود مخاطب کیے بغیر روانہ

حیدرآباد۔ 13 جولائی (سیاست نیوز) بی جے پی کے کارکنوں کو اس وقت مایوسی ہوئی جب پارٹی کے قومی صدر امیت شاہ کے استقبال کے لیے گھنٹوں انتظار ضائع ہوگیا کیوں کہ امیت شاہ نے ایک منٹ کے لیے بھی مخاطب نہیں کیا۔ امیت شاہ حیدرآباد کے ایک روزہ دورہ پر خصوصی طیارے سے آج بیگم پیٹ ایرپورٹ پہنچے پارٹی نے ان کے استقبال کے لیے غیر معمولی انتظامات کیے تھے اور گریٹر حیدرآباد کے مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں کارکنوں اور حامیوں کو بیگم پیٹ ایرپورٹ پر جمع کیا گیا تھا۔ تقریباً 10:30 بجے امیت شاہ ایرپورٹ پہنچے اور پروگرام کے مطابق انہیں حامیوں سے خطاب کرنا تھا۔ جیسے ہی وہ ایرپورٹ سے باہر آئے، زبردست نعرے بازی کی گئی اور گھنٹوں انتظار کرنے والے کارکن امیت شاہ کے خطاب کا انتظار کرنے لگے۔ لیکن امیت شاہ نے صرف ہاتھ ہلاکر استقبال کا جواب دیا اور وہاں سے بی جے پی ہیڈکوارٹر چل پڑے۔ پروگرام میں تبدیلی سے کارکنوں کو تاریکی میں رکھا گیا تھا جس پر کارکنوں اور قائدین نے ناراضگی کا اظہار کیا۔ صبح سے وہ امیت شاہ کی تقریر کی امید کے ساتھ ایرپورٹ پر موجود تھے لیکن ایک لفظ بات کیے بغیر وہ روانہ ہوگئے۔ کئی کارکنوں نے ریاستی قائدین سے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔ پروگرام کے مطابق امیت شاہ دن بھر کسی بھی عوامی تقریب سے خطاب کرنے والے نہیں تھے لہٰذا بڑی تعداد میں حامیوں کو ایرپورٹ پر جمع کیاگیا۔ بی جے پی نے تلنگانہ میں اپنی طاقت کا بھرپور مظاہرہ تو کیا لیکن امیت شاہ نے انہیں مایوس کردیا۔ قائدین کو آپس میں سوال کرتے دیکھا گیا کہ ایسی صورتحال میں کارکنوں کو کیا منہ دکھائیں گے جو کئی گھنٹوں سے قومی صدر کا انتظار کررہے تھے۔

TOPPOPULARRECENT