Monday , December 11 2017
Home / Top Stories / امیت شاہ کی کرناٹک آمد، ’’اب کی بار بی جے پی سرکار‘‘ کا نعرہ

امیت شاہ کی کرناٹک آمد، ’’اب کی بار بی جے پی سرکار‘‘ کا نعرہ

بنگلورو 12 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) صدر بی جے پی امیت شاہ کرناٹک کے سہ روزہ دورہ پر آج یہاں پہونچے تاکہ پارٹی صفوں کو پھر سے متحرک کرتے ہوئے نئی توانائی پیدا کی جائے۔ اُنھوں نے دعویٰ کیاکہ پارٹی متحد ہے اور آئندہ سال کے اسمبلی چناؤ میں اسٹیٹ یونٹ کے سربراہ بی ایس یدی یورپا کی قیادت میں اقتدار پر واپسی کرے گی۔ امیت شاہ نے یہاں کیمپے گوڑہ انٹرنیشنل ایرپورٹ کے قریب پارٹی ورکرس سے خطاب میں کہاکہ ہماری پارٹی متحد ہے اور آنے والے دنوں میں یدی یورپا جی کی قیادت میں انتخابی میدان جنگ کے لئے پوری طرح تیار ہے اور ’’اب کی بار ، بی جے پی سرکار‘‘ کا نعرہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست میں بی جے پی حکومت تشکیل دے گی۔ امیت شاہ کا بی جے پی ورکرس نے پرجوش استقبال کیا۔ اُنھوں نے دعویٰ کیاکہ عوام نے بی جے پی کو اقتدار سونپنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور پارٹی گزشتہ پانچ سال میں کانگریس کی بدعنوان، انتشار پسند اور جابرانہ حکمرانی کو بے نقاب کرتی رہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اُنھیں اُمید ہے کہ جس طرح پارٹی نے گزشتہ پانچ سال کانگریس کی غلط حکمرانی کے خلاف جدوجہد کی ہے، اِس عظیم ریاست کرناٹک کے عوام رائے دہی کے ذریعہ بی جے پی کو اقتدار عطا کریں گے۔ امیت شاہ نے کہاکہ وہ کرناٹک میں اگلی بی جے پی حکومت کی تشکیل کی قرارداد پر کام آگے بڑھانے کے لئے آئے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی ورکرس نے عزم کرلیا ہے کہ اب کی بار بی جے پی سرکار بنے۔ اُنھوں نے کہاکہ جب وزیراعظم نریندر مودی کا وجئے رتھ آئندہ فروری ۔ مارچ میں کرناٹک پہونچے گا تو پارٹی ورکرس کو اِس جنوبی ریاست میں پیشرفت کے لئے تیار رہنا چاہئے جس کے نتیجہ میں کرناٹک اسمبلی چناؤ میں بی جے پی کی جیت درج ہوگی۔ امیت شاہ کا یہاں مصروف پروگرام ہے اور وہ پارٹی میں داخلی رسہ کشی کو ختم کرنے کی کوشش کریں گے۔ ریاستی صدر بی جے پی اور سابق چیف منسٹر یدی یورپا کو اُن کے آمرانہ انداز کی وجہ سے تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ بعض پارٹی قائدین نے اُن سے ناراضگی ظاہر کی ہے۔
اپنے سہ روزہ قیام کے دوران امیت شاہ کے پروگراموں میں دانشوروں کے ساتھ تبادلہ خیال، مذہبی قائدین، ریاستی عہدیداروں، لیجسلیچرس، ایم پیز اور ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی کے قائدین سے ملاقاتیں کرنا شامل ہے۔

TOPPOPULARRECENT