Saturday , November 17 2018
Home / ہندوستان / اناؤ اور کٹھوا واقعات ‘ خاطیوں کو سخت سزا ضروری : بی جے پی

اناؤ اور کٹھوا واقعات ‘ خاطیوں کو سخت سزا ضروری : بی جے پی

نئی دہلی 13 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) کٹھوا اور اناؤ عصمت ریزی واقعات پر عوامی برہمی کا شکار بی جے پی نے آج کہا کہ ان دونوں واقعات میں جو کوئی بھی خاطی پائے جائیں انہیںسخت سزائیں دی جانی چاہئیں ۔ پارٹی نے ادعا کیا ہے کہ دونوں ہی معاملات میں پولیس نے بسرعت کارروائی کی ہے ۔ بی جے پی ترجمان میناکشی لیکھی نے پارٹی کے جموں وکشمیر کے وزیر کی مدافعت کی جنہوں نے پولیس تحقیقات کے خلاف ریلی میں شرکت کی تھی اور ادعا کیا تھا کہ اس احتجاج میں شرکت کیلئے انہیں غلط باور کروایا گیا تھا ۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں لیکھی نے اپوزیشن جماعتوں پر ان واقعات پر خطرناک سیاست کرنے کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جموں بار اسوسی ایشن کے صدر بی ایس سلاتھیا نے کٹھوا میں احتجاج کی قیادت کی تھی جو 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد کے پولنگ ایجنٹ تھے ۔ لیکھی نے کہا کہ ان واقعات کو منتخبہ انداز میں اجاگر کیا جارہا ہے تاکہ بی جے پی کو نشانہ بنایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ آسام میں بھی اسی طرح ایک نابالغ لڑکی کی عصمت ریزی اور قتل کا واقعہ پیش آیا لیکن اس کی اناؤ اور کٹھوا کے واقعات کی طرح زیادہ تشہیر نہیں ہوئی ۔

 

مرکزی وزیر کا عصمت ریزی کے خاطیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
امیتھی ۔ /13 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر سمرتی ایرانی نے آج کہا کہ اناؤ عصمت ریزی مقدمہ کے ملزمین کے خلاف سخت ترین کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ وزیر اطلاعات و نشریات نے صدر کانگریس راہول گاندھی پر بھی تنقید کی جنہوں نے کل نئی دہلی میں مشعل جلوس نکالا تھا ۔

TOPPOPULARRECENT