Thursday , May 24 2018
Home / شہر کی خبریں / انتخابات سے قبل شہر میں 3 ہزار سے زائد ڈبل بیڈ روم فلیٹس کی تقسیم

انتخابات سے قبل شہر میں 3 ہزار سے زائد ڈبل بیڈ روم فلیٹس کی تقسیم

تعمیرات میں تیزی، وزیر بلدی نظم و نسق کی جی ایچ ایم سی کو ہدایت

حیدرآباد۔12مارچ(سیاست نیوز) شہر میں انتخابات سے قبل 3000 سے زائد ڈبل بیڈ روم فلیٹس کی تقسیم کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے حکومت کی ہدایت پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کو تیز کردیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ حکومت آئندہ 4ماہ کے دوران کم ازکم 3000تا3500ڈبل بیڈ روم فلیٹس کی تعمیر کو مکمل کرتے ہوئے ان کی تقسیم کا منصوبہ رکھتی ہے۔ بتایاجاتاہے کہ ریاستی وزارت بلدی نظم و نسق نے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اس سلسلہ میں اقدامات کو تیز کرتے ہوئے کاموں کی عاجلانہ تکمیل کو یقینی بنائے۔ بلدیہ کے ذرائع کے مطابق جن مقامات پر حکومت کی ڈبل بیڈروم اسکیم کے تعمیراتی کام جاری ہیں ان مقامات کا معائنہ کرتے ہوئے اس بات کو ممکن بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں کہ آئندہ 3ماہ کے دوران تعمیری کام مکمل ہوجائیں اور ان کاموں کی تکمیل کے بعد اسکیم کے استفادہ کنندگان کو فلیٹس کی حوالگی کا عمل شروع کردیا جائے۔ گذشتہ دنوں پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق مسٹر اروند کمار نے کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اور دیگر عہدیداروں کے ہمراہ احمد گوڑہ میں زیر تعمیر3800 ڈبل بیڈ روم فلیٹس کی عمارتوں کا مشاہدہ کرنے کے بعد عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کاموں کی رفتار میں مزید تیزی لائی جائے اور ان کاموں کی تکمیل کے ساتھ دیگر نشاندہی کردہ مقامات پر ڈبل بیڈ روم فلیٹس کے تعمیراتی کاموں کا آغاز کرنے کی حکمت عملی تیار کی جائے تاکہ جلد از جلد ان پراجکٹس کی تکمیل کو ممکن بنایا جا سکے۔ بتایاجاتاہے کہ آئندہ ہفتہ اسمبلی اجلاس کے دوران ہی ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ دیگر عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے تمام زیر تعمیر پراجکٹس کی تفصیلات حاصل کریں گے اور نئے نشاندہی کردہ مقامات پر سنگ بنیاد تقاریب کو قطعیت دی جائے گی۔ بلدی عہدیداروں نے بتایا کہ شہر میں جاری ان تعمیراتی کاموں کے معیار کا جائزہ لینے کے علاوہ ان کاموں کو انجام دینے والے کنٹراکٹرس کو اس بات کی تاکید کی جا رہی ہے کہ وہ ڈبل بیڈ روم فلیٹس کی ان بلند و بالا عمارتوں کی تعمیر کے سلسلہ میں کوئی کوتاہی نہ کریں ۔

TOPPOPULARRECENT