انتخابات کے پرچہ نامزدگی میں بیوی اور بچوں کی تفصیلات کی فراہمی لازمی

اہل خانہ کے ذرائع آمدنی کی بھی طلبی، سپریم کورٹ میں مقدمہ کی سماعت کے دوران ججس کے ریمارکس

حیدرآباد۔18 فروری (سیاست نیوز) انتخابات میں حصہ لینے کے خواہشمندوں کو اب پرچۂ نامزدگی کے ادخال کے وقت اپنی اہلیہ اور بچوں کے ذرائع آمدنی کی تفصیلات بھی پیش کرنی ہوں گی۔ قانون ساز اداروں کے انتخابات کے دوران پرچۂ نامزدگی داخل کرنے والے امیدوار جو اب تک اپنے اثاثہ جات کا اعلان کیا کرتے تھے وہ اپنیشریک حیات کے پاس موجود دولت کا بھی اعلان کیا کرتے تھے اب سپریم کورٹ کی جانب سے یہ کہا گیا ہے کہ امیدواروں کو اب اپنے اہل خانہ کے بھی ذرائع آمدنی کا انکشاف کرنا ہوگا۔ جسٹس چلمیشور اور جسٹس عبدالنظیر نے مقدمہ کی سماعت کے دوران جو ریمارک کئے ہیں ان کے مطابق یہ کہا گیا ہے کہ ملک میں جمہوری اقدار کی برقراری اور عوام کے جمہوریت پر ایقان کو باقی رکھنے کیلئے یہ ضروری ہے کہ انہیں اس بات سے واقف کروایا جائے کہ ان کے منتخبہ نمائندوں کے ذرائع آمدنی کیا ہیں اور ان کے اہل خانہ کے ذرائع آمدنی کیا ہیں کیونکہ منتخبہ عوامی نمائندوں کی دولت میں ہونے والے بے دریغ اضافہ کے سبب عوام میں ان کے متعلق کئی طرح کے خیالات پیدا ہونے لگے ہیں ۔ دونوں ججس نے اپنے مشاہدہ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ بھی جانچ کرنے کی ضرورت ہے کہ کہیں منتخبہ عوامی نمائندوں کی جانب سے اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے اپنے اہل خانہ کے اداروں کو فائدہ تو نہیں پہنچایا جا رہا ہے ۔ اس کے علاوہ حکومت کی جانب سے انتخابی اصلاحات کے سلسلہ میں اقدامات نہ کئے جانے پر بھی عدالت نے حیرت کا اظہار کیا ہے ۔ عدالت کی جانب سے یہ کہے جانے کے بعد اب قانون ساز اداروں کے انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں کو یہ تفصیلات پیش کرنی ہوگی۔ منتخبہ عوامی نمائندوں کی دولت میں ہونے والے بے دریغ اضافہ کے سبب ایسا محسوس ہورہاہے کہ عوام کا جمہوریت پر سے ایقان ختم ہوتا جا رہاہے اور اس صورتحال میں الیکشن کمیشن اور حکومت کو چاہئے کہ وہ عوام کو مستحکم جمہوریت کی فراہمی کیلئے انہیں ان کے اپنے نمائندوں کی مکمل تفصیلات کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ انہیں بھی اس بات کا علم ہوسکے کہ ان کے اپنے نمائندوں کے ذرائع آمدنی کیا ہیں اور ان کے اہل خانہ کے پاس موجود دولت میں ہونے والے اضافہ کے ذرائع کیا ہیں کیونکہ عوام میں یہ احساس شدت اختیار کرتا جا رہاہے کہ منتخبہ نمائندوں کی جانب سے اپنے اختیارات اور اثر و رسوخ کا استعمال کرتے ہوئے اپنے اہل خانہ کو ٹھیکہ حاصل کرنے میں مدد کی جانے لگی ہے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT