انتخابی نتائج پارٹی کی اجتماعی ذمہ داری

راہول گاندھی کو کسی الزام سے بچانے کانگریس کی کوشش

راہول گاندھی کو کسی الزام سے بچانے کانگریس کی کوشش
نئی دہلی ۔ 12 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایک ایسے وقت جب ایگزٹ پول کانگریس کے ناقص مظاہرہ کی پیش قیاسی کررہے ہیں، کانگریس نے راہول گاندھی کو کسی بھی الزام سے بچانے کی کوشش کی ہے اور کہا کہ لوک سبھا انتخابات کا جو کچھ بھی نتیجہ آتا ہے وہ اجتماعی ذمہ داری ہوگی۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری شکیل احمد نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’راہول حکومت میں شامل نہیں ہیں۔ وہ پارٹی میں دوسرے اہم قائد ہیں۔ سونیا گاندھی کانگریس کی صدر ہیں اور یہ بھی بات ہیکہ ہر جگہ مقامی قیادت بھی ہوا کرتی ہے چنانچہ یہ سب کی اجتماعی ذمہ داری ہوگی۔ شکیل احمد سے سوال کیا گیا تھا کہ آیا انتخابی نتائج توقع کے مطابق نہ ہوں تو راہول یا سونیا گاندھی یا کسی اور کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔ شکیل احمد نے ایگزٹ پول کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ 2004 اور 2009 کے انتخابات میں بھی یہ غلط ثابت ہوچکے ہیں اور کانگریس 16 مئی کو نتائج کے اعلان تک انتظار کرے گی۔ جب یہ بتائے جانے پر کہ بی جے پی یہ کہہ رہی ہیکہ کانگریس کو اب اپوزیشن میں بیٹھنا ہوگا، شکیل احمد نے فوراً جواب دیا کہ بشمول نریندر مودی کئی بی جے پی قائدین نے دو دن قبل آر ایس ایس قائدین سے ملاقات کی تھی اور مودی نے دریافت کیا تھا کہ آیا وہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن لیڈر بنیں یا پھر گجرات کی چیف منسٹر کی حیثیت سے اپنے عہدہ پر برقرار رہیں۔

TOPPOPULARRECENT