Wednesday , September 19 2018
Home / شہر کی خبریں / انتخابی وعدوں پر بہر صورت عمل کرنے کا ادعا

انتخابی وعدوں پر بہر صورت عمل کرنے کا ادعا

تلگو دیشم پر انتخابی وعدوں کو سیاسی رنگ دینے کا الزام ، ٹی آر ایس رکن اسمبلی ایشور و دیگرکی پریس کانفرنس

تلگو دیشم پر انتخابی وعدوں کو سیاسی رنگ دینے کا الزام ، ٹی آر ایس رکن اسمبلی ایشور و دیگرکی پریس کانفرنس

حیدرآباد ۔16 ۔ جون ۔ (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے اعادہ کیا کہ انتخابات کے دوران پارٹی نے عوام سے جو وعدے کئے تھے، ان پر بہرصورت عمل کیا جائے گا۔ پارٹی کے رکن اسمبلی کے ایشور اور دیگر قائدین نے آج پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تلگو دیشم تلنگانہ قائدین کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ تلگو دیشم قائدین انتخابی وعدوں کی تکمیل کے موضوع کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے بارہا طور پر یقین دلایا کہ ان کی حکومت تمام وعدوں پر عمل کرے گی۔ اس کے باوجود حکومت پر جلد بازی کیلئے دباؤ ڈالنا مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام وعدوں پر عمل آوری کیلئے حکومت کو کسی قدر مہلت دی جانی چاہئے اور ہر وعدے پر عمل کرنے کیلئے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کرنا ضروری ہے۔ چیف منسٹر نے حلف لینے کے بعد مختلف وعدوں کے سلسلہ میں عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا اور عمل آوری کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس برسوں کے دوران انہوں نے پہلی مرتبہ کسی چیف منسٹر کو دیکھا جو اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لیکر کام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ چندر شیکھر راؤ نے تمام اسکیمات پر عمل آوری کیلئے اپوزیشن سے تعاون کی اپیل کی اور اپوزیشن جماعتوں کو مشورہ دیا کہ وہ ہر موضوع پر سیاست کرنے کی کوشش نہ کریں بلکہ تمام کے پیش نظر تلنگانہ عوام کی بھلائی ہونی چاہئے ۔ تلگو دیشم تلنگانہ قائد ایل رمنا کی جانب سے چیف منسٹر پر کی گئی تنقیدوں کو سستی شہرت حاصل کرنے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کے ایشور نے کہا کہ تلنگانہ عوام کو گمراہ کرنے کیلئے تلگو دیشم قائدین بیان بازی کر رہے ہیں۔ انہوں نے پولاورم پراجکٹ کے مسئلہ پر تلگو دیشم تلنگانہ قائدین سے موقف کی وضاحت کی مانگ کی ۔ ایشور نے کہا کہ اسمبلی میں کھمم کے 7 منڈلوں کے آندھراپردیش میں انضمام کے خلاف منظورہ قرارداد کی تلگو دیشم نے تائید کی ، حالانکہ تلنگانہ سے ناانصافی کیلئے چندرا بابو نائیڈو ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی حلف برداری کے ساتھ ہی چندرا بابو نائیڈو نے مسلسل پیروی کرتے ہوئے آرڈیننس کی اجرائی کو یقینی بنایا ۔ تلنگانہ سے ناانصافی کے مسئلہ پر تلگو دیشم تلنگانہ قائدین اگر سنجیدہ ہیں تو انہیں چاہئے کہ وہ چندرا بابو نائیڈو پر تنقید کریں جو اس ناانصافی کیلئے ذمہ دار ہیں۔ کے ایشور نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے ذریعہ سنہری تلنگانہ کی تعمیر کو یقینی بنائے گی ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ تلگو دیشم قائدین کے بہکاوے میں نہ آئیں کیونکہ حکومت وعدوں کی عمل آوری کے سلسلہ میں سنجیدہ ہے ۔ انہوں نے اپوزیشن جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ صرف تنقیدوں کے بجائے تعمیری اپوزیشن کا رول ادا کریں۔

TOPPOPULARRECENT