انتخابی ڈیوٹی پر متعین عملہ کو آن لائن ووٹ کی سہولت

ویب پورٹل ایپ کی تیاری، سرکاری ملازمین، پولیس اور ملٹری کو بھی استفادہ کا موقع
حیدرآباد ۔13 اکٹوبر (سیاست نیوز) قبل از وقت منعقد شدنی انتخابات میں ای سی نے ای۔ پوسٹل بیالٹ پر عمل آوری کا فیصلہ کیا ہے۔ پوسٹل کے بجائے خصوصی ویب پورٹل ؍ ایپ کے ذریعہ ڈیوٹی میں مصروف عہدیداران اور ملازمین کو آن لائن ووٹ کے حق سے استفادہ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس کے اقدامات آخری مراحل میں ہیں۔ ووٹر لسٹ میں نام رکھنے والے انتخابی ڈیوٹی، آرمی، پیرا ملٹری فورس اور بیرون ممالک خدمات انجام دینے والے مرکزی حکومت کے ملازمین کو پوسٹل بیالٹ کے ذریعہ ووٹ کے استعمال کا حق رہتا ہے جبکہ ماضی میں یہ تمام ملازمین پوسٹ کے ذریعہ اپنے ووٹ کا استعمال کیا کرتے تھے جنہیں قبل از وقت اپنے ووٹ کے استعمال کیلئے ریٹرننگ آفیسر کے پاس درخواستیں داخل کرنی پڑتی تھیں ۔ تاہم اب بھی ای ۔ پوسٹل بیالٹ کے استفادہ کرنے کے خواہشمند ملازمین کو قبل از وقت درخواست دینی ہوگی جو آف لائن کے ساتھ ساتھ آن لائن میں بھی درخواستیں داخل کرسکتے ہیں جبکہ الیکشن ڈیوٹی انجام دینے والے ملازمین کو الیکشن ڈیوٹی آرڈر کاپی، ووٹر آئی ڈی، ایپک نمبر اور آرمی و پیرا ملٹری کے ملازمین کو اپنے شناختی کارڈس، ووٹر آئی ڈی کارڈس اور برسرخدمت مقام کا پتہ وغیرہ جیسے تمام دستاویزات منسلک کرنا ہوگا اور الیکشن افسران درخواستوں کی تنقیح کے بعد ووٹ سے استفادہ کرنے کی اجازت فراہم کی جائے گی۔ متعلقہ رائے دہندے کے موبائیل اور ای میل کو یوزر آئی ڈی و پاس ورڈ روانہ کریں گے جس کے ذریعہ ایسے ملازمین کو الیکشن کمیشن کی جانب سے بنائے گئے پورٹل یا الیکشن کمیشن کے ویب سائیٹ سے بیالٹ لاگ آن کرکے اپنی پسند کی پارٹی یا امیدوار کو ووٹ دے سکتے ہیں اور ان کا ووٹ متعلقہ الیکشن آفیسر تک پہنچ جائے گا۔ ایک اندازہ کے مطابق حیدرآباد میں 50 ہزار سرویس ووٹرس ہیں جن میں 20 ہزار ووٹرس الیکشن ڈیوٹی اور 20 ہزار پولیس ملازمین کے علاوہ 10 ہزار ووٹرس آرمی و پیرا ملٹری فورسیس میں برسرخدمت ہیں لہٰذا یہ تمام ملازمین اپنے ووٹ کا استعمال کرسکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے ایک افسر کے مطابق ای۔ پوسٹل بیالٹ میں ووٹنگ کیلئے موبائیل ایپ کو بھی متعارف کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT