Wednesday , June 20 2018
Home / ہندوستان / انجمن اسلامیہ کمیٹی کے صدر نشین کا قتل

انجمن اسلامیہ کمیٹی کے صدر نشین کا قتل

جے پور۔/20مئی، ( سیاست ڈاٹ کام ) راجستھان کے بانسواڑہ علاقہ میں جائیداد کے تنازعہ میں دو افراد نے مبینہ طور پر ایک کمیونٹی تنظیم کے سربراہ کو گولی مارکر ہلاک کردیا ۔ جس کے بعد ہاسپٹل کے باہر زبردست احتجاج منظم کیا گیا۔ انجمن اسلامیہ کمیٹی کے 45سالہ صدر نشین ابو لالہ گذشتہ شب اپنے بھتیجے کی دکان پر بیٹھے ہوئے تھے کہ اچانک موٹر سائیکل پر سوار دو افراد وہاں پہنچے اور ان پر فائرنگ کی جس سے ابولالہ شدید طور پر زخمی ہوگئے۔ ایس پی انیک کمار ٹنکی نے بتایا کہ ابولالہ کو پہلے بانسواڑہ ڈسٹرکٹ ہاسپٹل لے جایا گیا لیکن وہاں سے انہیں اودئے پور روانہ کیا گیا لیکن راستے میں ہی وہ زخموں سے جانبر نہ ہوسکے۔ متوفی کے بھائی نے ایک ایف آئی آر درج کرواتے ہوئے اس قتل کیلئے دو بدنام زمانہ غنڈوں سراج الدین اور خان بہادر کو ذمہ دار ٹھہرایا۔

میگھالیہ میں پانچ عسکریت پسند ہلاک
شیلانگ۔/20مئی، ( سیاست ڈاٹ کام) میگھالیہ کے ایسٹ گارو ہلز ڈسٹرکٹ میں سیکوریٹی فورسیس نے پانچ مسلح گاروعسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا۔ ڈی جی پی جے پی ہنامان نے کہا کہ سیکوریٹی فورسیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ اس علاقہ کے ایک مکان میں مسلح گارو عسکریت پسندوں نے پناہ لے رکھی ہے جس کے بعد ریاستی پولیس اور سی آر پی ایف کے کوبرا کمانڈرس فوری وہاں پہنچ گئے۔ عسکریت پسندوں نے ان پر فائرنگ کی جس کے بعد سیکوریٹی فورسیس کو بھی جوابی فائرنگ کرنی پڑی جس میں پانچ عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔

TOPPOPULARRECENT