Monday , January 22 2018
Home / شہر کی خبریں / انجمن محبان اردو کے کل ہند مشاعرے کا کامیاب انعقاد

انجمن محبان اردو کے کل ہند مشاعرے کا کامیاب انعقاد

مشاعرے فروغ اردو کیلئے اہم ، جناب محمد محمود علی اور جناب زاہد علی خاں کی مخاطبت

مشاعرے فروغ اردو کیلئے اہم ، جناب محمد محمود علی اور جناب زاہد علی خاں کی مخاطبت
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ ) : انجمن محبان اردو تلنگانہ کے زیر اہتمام کل ہند مشاعرہ 11 جنوری بروز اتوار للیتا کلاتھورانم باغ عامہ زیر صدارت جناب زاہد علی خاں منعقد ہوا ۔ جس میں بحیثیت مہمان خصوصی محمد محمود علی نائب وزیر اعلی ،خداداد خاں ( دوبئی ) ، ایس اے شکور ، سید خورشید احمد ، محمد قمر الدین نے شرکت کی ۔ مشاعرہ کی ابتداء میں سید مسکین احمد بانی انجمن نے خیر مقدمی تقریر کی اور اردو مسائل پر روشنی ڈالتے ہوئے محمد محمود علی نائب وزیراعلیٰ سے فوری عملی اقدامات کا مطالبہ کیا ۔ صدر جلسہ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے مشاعروں کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ جناب مسکین احمد کو جنون کی حد تک مشاعروں کے انعقاد کی فکر رہتی ہے اور ملک کے نامور شعراء کو مدعو کرتے ہوئے مشاعروں کا انعقاد کرتے ہیں اور انہیں اردو والوں کی مکمل سرپرستی حاصل ہے ۔ جناب محمد محمود علی نائب وزیر اعلی نے بھی مخاطب کیا اور حکومت کی مختلف اسکیمات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ تلنگانہ میں اردو کا بول بولا ہوگا اور اوقاف کے ذریعہ مسلمانوں کی معاشی حالت سدھر جائے گی اور تعلیم کے معاملے میں بھی طلباء وطالبات کی سرکاری سرپرستی کی جائے گی ۔ انہوں نے جناب مسکین احمد کے مطالبات کی تکمیل کا وعدہ کیا اور تھوڑی مہلت کی درخواست کی ۔ مشاعرہ کی نظامت شفیق عابدی نے کی اور پہلے استاد شاعر سردار پنچھی کو نعت شریف پڑھنے کی خواہش کی ۔ مشاعرہ میں محشر آفریدی ، شاہد نور ، سکندر عاقل ، نغمہ نور ، حامد بھنساولی ، ریحانہ نواب ، رنجنا سنگھ ، اسد الرحمن ظفر ، اثر غوری ، اشفاق اصفی ، فرید سحر ، چچا پالموری ، پریت پال کور نے اپنے منتخب کلام سے سماں باندھ دیا ۔ جناب محمد محمود علی نائب وزیر اعلی اور جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست کے ہاتھوں عابد علی خاں یادگار محب اردو ایوارڈ جناب نعیم صابری ، جناب مجتبیٰ عابدی کو دیا گیا ۔ جناب محمد خلیق الرحمن صدر نشین مشاورتی کمیٹی نے جناب محمد محمود علی نائب وزیر اعلی اور جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست کی شال پوشی و گلپوشی کی ۔ انتہائی سرد موسم کے باوجود باذوق سامعین کی خاطر خواہ تعداد نے شرکت کی اور رات 12-30 بجے تک مشاعرہ اپنی بلندیوں پر پہنچ گیا ۔ محمد سراج الدین میڈیا انچارج ، فیاض علی سکندر نے انتظامات کی نگرانی کی ۔ شفیق عابدی کے شکریہ پر مشاعرہ کا اختتام عمل میں آیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT