Thursday , December 14 2017
Home / کھیل کی خبریں / انجو جارج کی کیرالا کے وزیر اسپورٹس پر شدید تنقید

انجو جارج کی کیرالا کے وزیر اسپورٹس پر شدید تنقید

تھرواننتاپورم ، 9 جون (سیاست ڈاٹ کام) صدر کیرالا اسٹیٹ اسپورٹس کونسل انجو بابی جارج نے آج ریاستی وزیر کھیل کود ای پی جئے راجن پر سخت تنقید کی اور کہا کہ ’’کیرالا اسپورٹس کیلئے بہتر رہے گا کہ کھیل کود سے کم از کم معمولی جانکاری رکھنے والے کسی لیڈر کو اسپورٹس منسٹر بنایا جائے‘‘۔ انجو اتھلیٹکس میں ورلڈ چمپئن شپس میں میڈل جیتنے والی اولین انڈین اتھلیٹ ہیں۔ وہ اس بات پر برہم ہیں کہ جئے راجن نے گزشتہ روز مبینہ طور پر اسپورٹس کونسل کی پریسیڈنٹ انجو اور دیگر ممبرز کو ’’اینٹی پارٹی‘‘ اور ’’کرپٹ‘‘ قرار دیا تھا۔ انجو نے میڈیا کو بتایا کہ ’’میں کے ایس ایس سی وائس پریسیڈنٹ ٹی کے ابراہیم کٹی کے ہمراہ وزیر موصوف سے خیرسگالی ملاقات کیلئے گئی تھی۔ ہمیں ثمرآور تبادلہ خیال کی توقع تھی کہ اسپورٹس کونسل کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد سے ہمارے کام سے وزیر کھیل کود کو واقف کرائیں گے اور سنیں گے کہ وہ ہم سے کیا توقع رکھتے ہیں۔ لیکن جو کچھ ہوا وہ بالکلیہ متضاد ہے۔‘‘ اولمپک لانگ جمپ اتھلیٹ نے مزید کہا کہ وزیر موصوف نے انھیں بتایا کہ موجودہ کونسل کی ترکیب ’’سابقہ حکومت کے ساتھ ہم آہنگ لوگوں‘‘ پر متشمل ہے اور ’’اڈمنسٹریٹیو بورڈ میں موجود ہر کوئی بدعنوان ہے‘‘۔

TOPPOPULARRECENT